تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سوال: عبادت کرنے کا کیا طریقہ ہے ؟ جواب: عبادت کے بہت سے طریقے ہیں جیسے:(۱) نماز پڑھنا ۔(۲) روزہ رکھنا ۔ ( ۳)۔زکوٰۃ دینا ۔(۴) حج کرنا ۔(۵) قربانی کرنا ۔(۶) اعتکاف کرنا ۔ (۷) مخلوق کو نیک باتوں کی ہدایت کرنا ۔(۸) بُری باتوں سے روکنا۔ (۹) ماں باپ اور استادوں اور بزرگوں کی عزّت اور ادب کرنا۔(۱۰) مسجد بنانا ۔ (۱۱) مدرسہ جاری کرنا۔(۱۲)علمِ دین پڑھنا ۔(۱۳) علمِ دین پڑھانا۔ (۱۴)علمِ دین پڑھنے والوں کی امداد کرنا ۔(۱۵) خدا کی راہ میں خدا کے دشمنوں سے لڑنا ۔(۱۶) غریبوں کی حاجت روائی کرنا۔( ۱۷) بھوکوں کو کھانا کھلانا ۔(۱۸) پیاسوں کو پانی پلانا اور ان کے علاوہ تمام ایسے کام جو خدا کے حکم اور مرضی کے موافق ہوں سب عبادت میں داخل ہیں اور انہیں کاموں کو اعمالِ صالحہ کہتے ہیں ۔مَعْصِیَت اور گناہ کا بیان سوال: معصیت کے کیا معنی ہیں ؟ جواب: معصیت کے معنی نافرمانی کرنا ، حکم نہ ماننا ، جس کام میں خداتعالیٰ کے احکام کی نافرمانی ہوتی ہو اُسے معصیت اور گناہ کہتے ہیں ۔ گناہ کرنا بہت بُری بات ہے ،خداتعالیٰ کا غضب اور ناراضگی اور عذاب گناہ کی وجہ سے ہوتا ہے ۔ گناہوں میں سب سے بڑا گناہ کفر و شرک ہے ۔ کافر اور ُمشرک ہمیشہ دوزخ میں رہیں گے ۔ کافر اور مشرک کی شفاعت بھی کوئی نہیں کرے گا ۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ مشرک کو میں کبھی نہیں بخشوں گا ۔کفر اور شرک کا بیان سوال: کفر اور شرک کسے کہتے ہیں ؟ جواب: جن چیزوں پر ایمان لانا ضروری ہے ان میں سے کسی ایک بات کو بھی نہ ماننا کفر ہے ،مثلاً کوئی شخص خداتعالیٰ کو نہ مانے یا خدا تعالیٰ کی صفات کا انکار کرے یا دو تین خدا مانے یا فرشتوں کا انکار کرے یا خداتعالیٰ کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرے یا کسی پیغمبر کو نہ مانے یا تقدیر سے ُمنکر ہو یا قیامت کے دن کو نہ مانے یا خداتعالیٰ کے قطعی احکام میں سے کسی حکم کا انکار کرے یا رسولُ اللہ ﷺکی دی ہوئی کسی خبر کو جھوٹا سمجھے تو ان تمام صورتوں میں کافر ہوجائے گا ۔ اور شرک اُسے کہتے ہیں کہ خداتعالیٰ کی ذات یا صفات میں کسی دوسرے کو شریک کرے ۔سوال: خداتعالیٰ کی ذات میں شرک کرنے کے کیا معنی ہیں ؟ جواب: ذات میں شرک کرنے کے معنی یہ ہیں کہ دوتین خدا ماننے لگے، جیسے عیسائی کہ تین خدا ماننے کی وجہ سے ُمشرک ہیں اور جیسے آتش پرست کہ دو خدا ماننے کی وجہ سے ُمشرک ہوئے اور جیسے بت پرست کہ بہت سے خدا مان کر مشرک ہوتے ہیں ۔