تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
اسلامی فرائض میں سے روزے کا بیان سوال: روزہ کسے کہتے ہیں ؟ جواب: صبحِ صادق سے غروبِ آفتاب تک نیت کے ساتھ کھانے پینے اور نفسانی خواہش پوری کرنے کو چھوڑ دینے کا نام روزہ ہے ۔ روزے کو صوم اور صیام اور روزہ کھولنے کو افطار کہتے ہیں ۔سوال: روزے کی کتنی قسمیں ہیں ؟ جواب: روزے کی آٹھ قسمیں ہیں ۔ (۱) فرضِ مُعَیَّن ۔ (۲)فرضِ غیر مُعَیَّن۔ (۳) واجب ِمُعَیَّن۔ (۴) واجب غیرمُعَیَّن ۔ (۵) سنّت ۔(۶) نفل ۔ (۷) مکروہ ۔ (۸) حَرام ۔سوال: فرضِ مُعَیَّن کون سے روزے ہیں ؟ جواب: سال بھر میں ایک مہینہ یعنی رمضان شریف کے روزے فرضِ مُعَیَّن ہیں۔سوال: فرضِ غیر مُعَیَّن کون سے روزے ہیں ؟ جواب: اگر کسی عذر کی وجہ سے یا بلا عذر رمضان شریف کے روزے چھوٹ جائیں تو اُن کی قضا کے روزے فرضِ غیر مُعَیَّن ہیں ۔سوال: واجب مُعیَّن کون سے روزے ہیں ؟ جواب: نذر ِمُعیَّن یعنی کسی خاص دن یا خاص تاریخوں کے روزے رکھنے کی منّت ماننے سے اُس دن یا اُن تاریخوں کے روزے واجب ہوجاتے ہیں ، جیسے کسی نے منت مانی کہ اگر میں امتحان میں پاس ہوگیا تو خدا کے واسطے رجب کی پہلی تاریخ کا روزہ رکھوں گا ۔سوال: واجب ِ غیر مُعَیَّن کون سے روزے ہیں ؟ جواب: کَفَّاروں کے روزے اور نذرِ غیرِ مُعَیَّن کے روزے واجب ِ غیر مُعیَّن ہیں، مثلاً کسی نے منّت مانی کہ اگر میں اوّل نمبر پاس ہوا تو خدا کے واسطے تین روزے رکھوں گا ۔ سوال: کون سے روزے سنّت ہیں ؟ جواب: روزوں میں سنّت ِمؤکّدہ کوئی روزہ نہیں، لیکن جن دنوں کے روزے حضور رسولِ کریم ﷺسے رکھنے یا اُن کی ترغیب دینی ثابت ہے انہیں سنت کہتے ہیں، جیسے عاشورے کے دوروزے یعنی مُحرَّم کی نویں اور دسویں تاریخ کے روزے (عاشورا مُحرَّم کی دسویں تاریخ کانام ہے ) اور عرفہ یعنی ذی الحجہ کی نویں تاریخ کاروزہ اور ایامِ بیض یعنی ہر مہینے کی تیرھویں چودھویں پندرھویں تاریخوں کے روزے ۔سوال: مُستحب کون سے روزے ہیں ؟ جواب: فرض اور واجب اور سنت روزوں کے بعد تمام روزے مُستحب ہیں ،لیکن بعض روزے ایسے ہیں کہ اُن میں ثواب زیادہ ہے جیسے شوّال میں چھ روزے ، ماہِ شعبان کی پندرھویں تاریخ کا روزہ ، جمعہ کے دن کا روزہ ، پیر کے دن کا روزہ ، جمعرات کے دن کا روزہ ۔سوال: مکروہ کون سے روزے ہیں ؟ جواب: صرف سنیچر کے دن کا روزہ ، صرف عاشورے یعنی دسویں تاریخ کا روزہ، نوروز(۱) کے دن کا روزہ ۔ عورت کو بغیر اجازت ِخاوند کے نفلی روزہ رکھنا ۔سوال: کونسے روزے حرام ہیں ؟ جواب: سال بھر میں پانچ روزے حرام ہیں : عیدالفطر اور عید الاضحی کے دو روزے اور ایامِ تشریق کے تین روزے ۔ ایَّامِ تشریق ذی الحجہ کی گیارھویں ، بارھویں ، تیرھویں تاریخوں کا نام ہے ۔