تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
نذر یعنی منّت ماننے کا بیان سوال: منت ماننا کیسا ہے ؟ جواب: جائز ہے اور منت مان کر اُس کو پورا کرنا واجب ہے ۔سوال: کیا ہر منت کا پورا کرنا واجب ہے ؟ جواب: جومنت خلافِ شرع بات کی نہ ہو اور اُس کی شرطیں پائی جائیں، اُس کا پورا کرنا واجب ہے اور جو منت خلاف ِشرع کام کی ہو، اس کا پورا کرنا ناجائز ہے ۔سوال: منت صحیح ہونے کی شرطیں کیا ہیں ؟ جواب: منت کسی عبادت کی ہو مثلاً میرا فلاں کام ہوگیا تو خدا کے واسطے دو رکعت نماز پڑھوں گا یا روزہ رکھوں گا یا اتنے مسکینوں کو کھانا کھلائوں گا یا ہزار روپیہ صدقہ کروں گا، او رجس چیز کی منت مانی ہے وہ اس کی قدرت سے باہر نہ ہو ،ورنہ منت صحیح نہ ہوگی جیسے کوئی شخص کہے کہ میرا فلاں کام ہوگیا تو فلاں شخص کی دوکان کا مال خیرات کردوں گا ۔ یہ منت صحیح نہیں کیونکہ کسی غیر کی دوکان کا مال اس کی ملکیت نہیں ہے اور اس کی قدرت سے باہر ہے ۔ اس کے علاوہ اور بھی شرطیں ہیں جو بڑی کتابوں میں تم پڑھو گے ۔سوال: کسی پیر یا ولی کی منت ماننی کیسی ہے ؟ جواب: خداتعالیٰ کے سوا کسی اور کی منّت ماننی حَرام ہے ،کیونکہ منت بھی ایک طرحکی عبادت ہے اور عبادت کا خداتعالیٰ کے سوا اور کوئی ُمستحق نہیں ۔