تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
سوال۔ قرآن مجید خدا تعالیٰ کی کتاب ہے یا اُس کا کلام ہے؟ جواب۔ قرآن مجید خدا تعالیٰ کی کتاب بھی ہے اور خدا تعالیٰ کا کلام بھی ہے! قرآن مجید میں اس کو کتاب اللہ بھی فرمایا گیا اور کلام اللہ بھی۔سوال۔ توریت، زبور، انجیل اور قرآن مجید میں افضل کون سی کتاب ہے؟ جواب۔ قرآن مجید سب سے افضل ہےسوال۔ قرآن مجید کو پہلی کتابوں پر کیا فضیلت ہے؟ جواب۔ بہت سی فضیلتیں ہیں جن میں سے چند فضیلتیں یہ ہیں:۔ اوّل یہ کہ قرآن مجید کا ایک ایک حرف اور ایک ایک لفظ محفوظ ہے۔اس میں ایک نقطہ کی بھی کمی بیشی نہیں ہوئی اور نہ قیامت تک ہو سکے گی اور پہلی کتابوں میں لوگوں نے تحریف کر ڈالی۔ دوسری یہ کہ قرآن مجید کی نظم (عبارت) مُعْجِزْ ہے یعنی ایسے اونچے درجے کی عبارت ہے کہ قرآن مجید کی چھوٹی سے چھوٹی سورة کے مثل بھی کوئی شخص نہیں بنا سکتا۔ تیسری یہ کہ قرآن مجید آخری شریعت کے احکام لایا ہے ۔ اس لئے اس کے بہت سے احکام نے پہلی کتابوں کے حکموں کو منسوخ کر دیا۔ چوتھی یہ کہ پہلی کتابیں ایک دفعہ ہی اکھٹی نازل ہوئیں اور قرآن مجید تئیس (۲۳) برس تک ضرورتوں کے لحاظ سے تھوڑا تھوڑا نازل ہوتا رہا۔ آہستہ آہستہ اور ضرورتوں کے وقت اُترنے کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں اُترتا گیا۔ اور سینکڑوں ہزاروں آدمی اس کے احکام کو قبول کرتے اورمسلمان ہوتے گئے۔ پانچویں یہ کہ قرآن مجید ہزاروں لاکھوں مسلمانوں کے سینوں میں محفوظ ہے اور یہ سینہ بسینہ حفاظت رسول کریم ﷺ کے مبارک زمانے سے آج تک برابر چلی آتی ہے اور انشاء اللہ قیامت تک جاری رہے گی۔