تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ایمان اور اعمالِ صالحہ کابیان سوال: ایمان کسے کہتے ہیں ؟ جواب: ایمان اُسے کہتے ہیں کہ خداتعالیٰ اور اس کی تمام صفتوں اور فرشتوں اور آسمانی کتابوں اور پیغمبر وں کی دل سے تصدیق کرے اور جو باتیں کہ حضرت محمد ﷺخدا کی طرف سے لائے ہیں اُن سب کو سچا سمجھے اور زبان سے اُن تمام باتوں کا اقرار کرے ۔ یہی تصدیق اور اقرارِ ایمان کی حقیقت ہے لیکن اقرار کسی ضرورت یا مجبوری کے وقت ساقط ہوجاتا ہے جیسے گونگے آدمی کا ایمان بغیر اقرار ِزبانی کے بھی معتبر ہے ۔ سوال: اعمالِ صالحہ کسے کہتے ہیں ؟ جواب: اعمالِ صالحہ کے معنی ہیں ’’نیک کام ‘‘ جو عبادتیں اور نیک کام خداتعالیٰ اور اس کے پیغمبروں نے مخلوق کو سکھائے اور بتائے ہیں وہ سب اعمالِ صالحہ کہلاتے ہیں ۔ سوال: کیا عبادتیں اور نیک کام بھی ایمان کی حقیقت میں داخل ہیں ؟ جواب: ہاں! ایمانِ کامل میں اعمالِ صالحہ داخل ہیں ۔ اعمالِ صالحہ سے ایمان میں روشی اور کمال پیدا ہوجاتا ہے اور اعمالِ صالحہ نہ ہوں تو ایمان ناقص رہتا ہے ۔سوال: عبادت کے کیا معنی ہیں ؟ جواب: عبادت بندگی کرنے کو کہتے ہیں ،جو بندگی کرے اسے عابد اور جس کی بندگی کی جائے اسے معبود کہتے ہیں ۔ ہمارا سب کا سچا اور حقیقی معبود وہی ایک خدا ہے جس نے ہمیں اور ساری دنیا کو پیدا کیا ہے اور ہم سب اس کے بندے ہیں ۔اس نے ہمیں اپنی عبادت کا حکم دیا ہے ، اس لئے ہمارے ذمہ عبادت کرنا فرض ہے ۔سوال: خداتعالیٰ نے اپنی مخلوق میں سے کس کس مخلوق کو عبادت کا حکم کیا ہے ؟ جواب: آدمیوں اور جنوں کو عبادت کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ انہیں دونوں کو مکلف کہتے ہیں ۔ فرشے اور دنیا کے باقی جاندار عبادت کے ُمکلف نہیں ہیں ۔سوال: جنّ کون ہیں ؟ جواب: جنّ بھی خدا تعالیٰ کی ایک بڑی مخلوق ہے جو آگ سے پیدا ہوئی ہے ۔ جنوں کے جسم ایسے لطیف ہیں کہ ہمیں نظر نہیں آتے، لیکن جب وہ کسی آدمی یا جانور کی شکل میں ہوجاتے ہیں تو نظر آنے لگتے ہیں ۔ اپنی شکل بدلنے اور آدمیوں اور جانوروں کی صورت میں ہوجانے کی خداتعالیٰ نے انہیں طاقت دی ہے ،اُن میں مرد بھی ہیں اور عورتیں بھی ،ان کی اولاد بھی ہوتی ہے ۔