تعلیم الاسلام مکمل- یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جنازے کی نماز کابیان سوال: میت کی نماز فرض ہے یا واجب یا سنت ؟ جواب: میت کی نماز فرضِ کفایہ ہے ۔ اگر ایک دو آدمی بھی پڑھ لیں تو سب کے ذمّے سے فرض ساقط ہوجائیگا اور کسی نے بھی نہیں پڑھی تو سب گنہگار ہونگے ۔ سوال: جنازے کی نماز کی کتنی شرطیں ہیں ؟ جواب: اوّل میت کا مسلمان ہونا ۔ دوسرے میت کا پاک ہونا ۔تیسرے اُس کے کفن کا پاک ہونا ۔ چوتھے ستر کا ڈھکا ہواہونا ۔پانچویں میت کا نماز پڑھنے والے کے سامنے رکھا ہوا ہونا ۔ یہ شرطیں تو میت کے متعلق تھیں اور نماز پڑھنے والے کے لئے سوائے وقت کے باقی تمام وہی شرطیں ہیں جو نماز کی شرائط میں تم پڑھ چکے ہو ۔ سوال: نمازِ جنازہ کی پوری ترکیب کیا ہے ؟ جواب: اوّل نماز کے لئے صف باندھ کر کھڑے ہو ں ،اگر آدمی زیادہ ہوں تو تین یا پانچ یا سات صفیں بنانا بہتر ہے ۔ جب صفیں درست ہوجائیں تو نماز ِ جنازہ کی نیت اس طرح کرو کہ میں خدا کے واسطے اس جنازہ کی نماز اس میت کی دعائے مغفرت کیلئے اس امام کے پیچھے پڑھتا ہوں ۔ پھر امام زور سے اور مقتدی آہستہ سے تکبیر کہیں اور دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھا کر ناف کے نیچے باندھ لیں اور امام اور مقتدی سب آہستہ آہستہ ثنا پڑھیں ،ثنا میںکے بعد بھی کہہ لیں تو بہتر ہے۔پھر امام زور سے اور مقتدی آہستہ سے بغیر ہاتھ اٹھائے دوسری تکبیر کہیں اور دونوں درود جو نماز کے قعدۂ اخیرہ میں پڑھے جاتے ہیں امام اور مقتدی سب آہستہ آہستہ پڑھیں۔ پھر دوسری تکبیرکی طرح تیسری تکبیر کہیں اور اگر جنازہ بالغ مرد یا عورت کا ہو تو امام اور مقتدی آہستہ آہستہ یہ عربی دعا پڑھیں ۔مشكاة المصابيح (1/ 527) «اللهم اغفر لحينا وميتنا وشاهدنا وغائبنا وصغيرنا وكبيرنا وذكرنا وأنثانا. اللهم من أحييته منا فأحيه على الإسلام ومن توفيته منا فتوفه على الإيمان. اللهم لا تحرمنا أجره ولا تفتنا بعده» . رواه أحمد وأبو داود والترمذي اے اللہ! ہمارے زندوں اور مُردوں اور حاضروں اور غائبوں اور چھوٹوں اور بڑوں اور مَردوں اور عورتوں کو بخش دے۔ اے خدا !ہم میں سے جسے تو زندہ رکھے اسلام پر زندہ رکھ اور جسے وفات دے اُسے ایمان پر وفات دے۔ اور اگر جنازہ نابالغ لڑکے کا ہو تو یہ دعا پڑھیںالبحر الرائق شرح كنز الدقائق ومنحة الخالق وتكملة الطوري (2/ 198) اللَّهُمَّ اجْعَلْهُ لَنَا فَرَطًا وَاجْعَلْهُ لَنَا أَجْرًا وَذُخْرًا وَاجْعَلْهُ لَنَا شَافِعًا وَمُشَفَّعًا» اے اللہ! اس بچہ کو ہماری نجات کے لئے آگے جانے والا بنا اور اسکی جدائی کی مصیبت کو ہمارے لئے اجر اور ذخیرہ بنا اور اسکو ہماری شفاعت کرنیوالااور شفاعت قبول کیا گیا بنا ۔ اور اگر جنازہ نابالغہ لڑکی کا ہو تو یہ دعا پڑھیںاللَّهُمَّ اجعلها لَنَا فَرَطًا وَاجعلها لَنَا أَجْرًا وَذُخْرًا وَاجعلها لَنَا شَافعةوَمشفعة» اے اللہ! اس بچی کو ہماری نجات کے لئے آگے جانے والی بنا اور اسکی جدائی کی مصیبت کو ہمارے لئے اجر اور ذخیرہ بنا اور اسکو ہماری شفاعت کرنیوالی اور شفاعت قبول کی گئی بنا ۔ اس کے بعد امام زور سے اور مقتدی آہستہ سے چوتھی تکبیر کہیں اور پھر امام زور سے اور مقتدی آہستہ سے پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیریں ۔سوال: نماز ِ جنازہ سے فارغ ہو کر کیا کریں ؟ جواب: نماز سے فارغ ہوتے ہی جنازے کو اٹھا کر لے چلیں ،چلتے وقت اگر کلمہ شریف وغیرہ پڑھیں تو دل میں پڑھیں ، آواز سے پڑھنامکروہ ہے۔ میت کی پہلی منزل یعنی قبر اور حساب کتاب اور دنیا کی بے اعتباری کا دھیان کریں اور دل میں میت کے لئے مغفرت اور آسانی کی دعا کرتے رہیں ۔ پھر قبرستان میں پہنچ کر میّت کو دفن کریں ۔