﷽
رؤیتِ ہلال
اسلام میں رمضان المبارک کی ابتدا وانتہا کو چوں کہ رؤیت ِہلال پر موقوف رکھا گیا ہے ،اس لیے سب سے پہلے اسی کے متعلق مسائل کو زیرِ بحث لا یا جاتا ہے ، رؤیت ِہلال کے جن مسائل کو یہاں زیرِ بحث لا یا جائے گا،وہ دو قسم کے ہوں گے:ایک وہ جو نئے حالات کی وجہ سے رونما ہوئے ہیں ،دوسرے وہ،جن کو نئے آلات نے جنم دیا ہے۔
عید و رمضان کی وحدت کا اہتمام
ذرائعِ ابلاغ کی فراوانی اور خبر رسانی کی سہولت و آسانی نے،عام لوگوں میں عموماً اور جدید تعلیم یافتہ طبقے میں خصوصاً اس بات کا رجحان پیدا کر دیا ہے کہ ساری دنیا میں عید و رمضان کے ایام میں وحدت ہو،کہ ایک ہی دن سب جگہ عید ہو اور رمضان کی ابتدا اور انتہا میں بھی ہر جگہ توافق ہو اور اگر ساری دنیا میں نہیں تو کم از کم ایک ملک کے تمام علاقوں اور شہروں میں یہ وحدت پائی جائے۔
اس خیال کے حامی لوگوں کا خیال ہے کہ موجودہ دَور میں خبر رسانی کی جو سہولتیں جدیدآلات کی متنو ع قسموں نے پیدا کردی ہیں ، ان کے پیشِ نظر آج اس وحدت کا اہتمام کچھ مشکل نہیں ؛کیوں کہ ایک ملک کے ایک کونے کی خبر دوسرے کونے میں ؛ بل کہ دنیاکے ایک کونے کی خبر دوسرے کونے میں بہت جلداوربہ آسانی پہنچائی جا سکتی ہے۔
یہ خیال بہ جائے خود صحیح ہے اورخود اسلام میں بھی ایک گونہ وحدت واتحاد مطلوب