سرخی لگانے سے روزہ فاسد تو نہیں ہوتا؛ بہ شرطے کہ اس کا کوئی جز حلق میں نہ جائے ، اگر حلق میں جائے گا، تو روزہ فاسد ہوجائے گا اور اگر حلق میں نہ جائے ؛لیکن اگر اس کا اثر منہ کے اندر جانے کا خوف ہو، تو مکروہ ہوگا؛ حضرت مفتی رشید احمد صاحب لدھیانوی رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ
’’ یہ سرخی لگانا جائز ہے؛ لیکن منہ کے اندر جانے کا احتمال ہو، تو مکروہ ہے ‘‘۔(۱)
بواسیری مسوں پر دوالگانے اورکانچ تر کر کے چڑھانے کا حکم
بواسیر کی بیماری میں مسوں پر دوا لگانے کا اثر روزے پر کیا ہوتا ہے؟
اس سوال کا جواب یہ ہے کہ بواسیری مسے دو نوعیت کے ہوتے ہیں : ایک باہر کے مسے، ان پر دوا لگانے سے روزے پر کوئی اثر نہ ہوگا اور دوسرے اندرونی مسے ، ان پر دوا لگانے سے جوف تک پہنچ جائے، تو ان پر دوا لگانے سے روزہ فاسد ہو جائے گا ۔
علامہ ابن الہمام رحمہ اللہ نے’’ فتح القدیر‘‘ میں اور علامہ زیلعی رحمہ اللہ نے’’ تبیین الحقائق ‘‘ میں لکھا ہے :
’’ لوخرج سُرمُہ فغسلہ ، ثبت ذلک الوصول بلااستبعاد ، فإن قام قبل أن ینشفہ فسد صومہ بخلا فماإذا نشفہ ؛ لأن الماء اتصل بظاھر ثم زال قبل أن یصل إلیٰ الباطن بعود المقعدۃ‘‘ ۔(۱)
------------------------------
(۱) احسن الفتاوی:۴/۴۳۴
(۱) فتح القدیر:۲/۳۴۲،تبیین الحقائق : ۲/۱۸۳ ،احسن الفتاویٰ: ۴/۴۴۰