معلوم ہو گیا کہ اس سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؛کیوں کہ اس کی تیزی بھی دماغ تک پہنچتی ہے اور صرف قضا لازم آتی ہے ۔(واللّٰہ أعلم )
روزے میں انہیلر(Inhaler)کا استعمال
اسی سے ایک اور مسئلہ بھی حل ہو گیا ، وہ یہ کہ آج کل ایک آلہ ایجاد ہوا ہے ،جس کے بارے میں بہت لوگ کہتے ہیں کہ اس میں ہوا بھری ہوتی ہے؛ مگر صحیح یہ ہے کہ اس میں ہوا کے ساتھ دوا بھی بھری ہوتی ہے ،یہ آلہ’’ دمے ‘‘کے مریضوں کے لیے بنایا گیا ہے کہ جب اس کو منہ کھول کر دبا یا جاتاہے، تو ہوا کے مانند اس سے کچھ نکلتے محسوس ہوتا ہے اور حلق میں پہنچ جا تا ہے،اس سے دمے کے مریض کو کئی گھنٹے آرام وسکون رہتا ہے؛ اس کے بارے میں سوال ہوتا ہے کہ اس کے استعمال سے روزہ فاسد ہوتا ہے یا نہیں ؟
جواب یہی ہے کہ اس سے بھی چوں کہ گیس(Gas) کی شکل کی ایک چیز بدن کے اندر پہنچتی ہے، جس میں دوا ملی ہوتی ہے؛ اس لیے اس سے بھی روزہ فاسد ہو جاتا ہے اور اس میں چوں کہ صورۃً ومعنی ًدونوں طرح افطار پایا جا رہا ہے؛ اس لیے اس میں قضا و کفارہ دونوں لازم ہوں گے؛ جب کہ کفارے کے لازم ہونے کی دوسری شرطیں بھی پائی جائیں ،مثلاًرات سے روزے کی نیت کی ہو،اس چیز کا استعمال عمداً ہوا ہو، وغیرہ ،واللّٰہ أعلم۔(۱)
------------------------------
(۱) ایک عالم صاحب نے حضرت اقدس کی خدمت میں اس مسئلے کے تعلق سے اعتراض کیاکہ انہیلر(Inhaler)کے استعمال سے روزہ فاسد نہ ہوناچاہیے ،اس لیے کہ اس سے جودوانکلتی ہے، وہ طبی تحقیق کی روسے پھیپڑوں میں پہنچتی ہے، معدے میں نہیں ؛ لہٰذا یہ ایساہی ہواجیسے سانس کے ذریعے خارجی ہوا پھیپڑوں میں ہی پہنچتی ہے، توجب اس سے روزہ فاسدنہیں ہوتا، توانہیلرکے استعمال سے بھی روزہ فاسدنہ ہوناچاہیے ؟