مقالہ
(۲۲؍ واں فقہی سمینار [امروہہ ، یوپی]ہ۲۷-۲۹؍ربیع الثانی ۱۴۳۴ھ/مطابق:۹-۱۱؍ مارچ ۲۰۱۳ء)
الیکشن سے مربوط شرعی مسائل
سوال:۱- ووٹ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
جواب:۱- شرعاً ووٹ کی حیثیت شہادت(۱)، شفاعت (سفارش)(۲)اور وکالت (۳) کی سی ہے، گویاکہ جس شخص کو ووٹ دیا جاتا ہے، اس کے حق میں ملک وملت کے خیر خواہ ہونے کی شہادت دی جاتی ہے، متعلقہ امیدوار کو وکیل اور نمائندہ بنایا جاتا ہے۔
سوال:۲- اگر ووٹ شہادت کے درجے میں ہے، تو اس کا حکم شرعی کیا ہوگا؟ ووٹ دینا صرف جائز ہوگا یا مستحب یا واجب؟
جواب:۲- [الف]: باعتبارِ حیثیتِ اُولیٰ (شہادت) اگر ووٹر پر کسی ایک امیدوار کی اہلیت اور صداقت ودیانت منکشف ہوجائے، اور ووٹر کو یہ شرحِ صدر ہو کہ متعلقہ امیدوار بہتر صلاحیت کا حامل ہے ، تو پھر اپنے ووٹ(حق رائے دہی) کا استعمال واجب ہے۔ (۴)
[ب]: باعتبار دیگر حیثیات (شفاعت(۵) ، وکالت(۶)) مذکورہ صفات کے حامل امیدوار کے حق میں ووٹنگ امرِ مستحب ہے۔