ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
|
ارشاد : میرے نزدیک سب اعمال سے زیادہ ضروری کبرکا نکل جانا ہے اسی کبر سے ساری خرابیاں پیدا ہوتی ہیں اسی واسطے حق تعالٰی نے ارشاد فرمایا ہے ۔ وعباد الرحمن الذین یمشون علی الارض ھونا واذا خاطبھم الجاھلون قالو سلاما کہ اس میں تواضع کی تعلیم ہے والذین یبیتون لربھم سجدا وقیاما اس میں نماز کی فضیلت ہے والذین یقولون ربنا اصرف عنا عذاب جھنم ان عذابھا کان غراما ۔ اس میں عذاب جہنم سے خشیت ہے والذین اذا انفقوا لم یسرفوا ولم یقتوو واو کان بین ذالک قواما ۔ اس میں اتفاقا کا طریقہ ہے ۔ والذین لایدعون مع اللہ الھا اخرا الخ۔ اس میں توحید کی تعلیم ہے غرض سب سے پہلے تواضع کی تعلیم ہے تمام باتوں سے پہلے تواضع کا ذکر کیا جس کا تقدم تمام چیزوں سے معلوم ہوا صوفیہ سمجھتے ہیں اس ترتیب کی حکمت کو وہ یہ کہ علاج ازالہ سبب سے ہوتا ہے اور سب ذمائم کا سبب کبر ہے ۔ چنانچہ کبر ہی کا یہ اثر ہے کہ قبول حق سے آدمی رکتا ہے ۔ یہ چونکہ تمام مفاسد کی جڑ ہے اور تواضع کبر کی ضد ہے اس کے اختیار کرنے سے کبر کا ازالہ ہوتا ہے اس لئے حق تعالٰی نے تعلیم میں تواضع کو مقدم فرمایا ۔ مگر اس طرف کسی کو توجہ ہی نہیں اور یہ کبر ہمارے اندر بھی ہے گو چھپا ہوا ہے جیسے دیا سلام میں مصالحہ موجود ہے صرف رگڑ پہنچ گئی تھی تو واقع میں ہے بڑے خطرہ کا مقام اس لئے اس مارہ ہی کو نکالنا چاہئے خدا جانے کیا آفت نازل ہوجائے اور قریب قریب یہ مرض سب ہی میں ہے یہاں تک کہ علماء بھی سب متواضع نہیں اور ہم میں جو تواضع ہے وہ بھی ایک قسم کا کبر ہی ہے ۔ چنانچہ ہم لوگ تواضع اس لئے کرتے ہیں کہ وہ محبوب عندالناس اور سبب جاہ ہے ۔ تواضع حقیقت میں وہ ہے دل میں سمجھئے کہ میں سب سے کمتر ہوں ایک محقق لکھتے ہیں کہ یوں سمجھئے کہ یوں سمجھئے کہ میں کافر فرنگ سے بھی کمتر ہوں ۔ یعنی باعتبار احتمال مآل کتے سے بھی بدتر ہوں کیونکہ کتا کافر تو نہیں ہوسکتا یہ تو باعتبار قواعد علمیہ کے ہے اور بعض پر فنا کا غلبہ ہوتا ہے کہ وہ فرعون سے بھی اپنے کو کمتر سمجھتے ہیں عقلا اور اعتقاد نہیں بلکہ حالا دیکھئے ۔ اس حالت سے کتنی تربیت ہوتی ہوگی اس شخص کی اب یہاں ایک اشکال ہے وہ یہ کہ ادھر تو یہ حکم ہے کہ فرعون کو برا سمجھو اور وہ ہی برا ۔ اور ادھر یہ کہ اپنے کو سب سے بدتر سمجھو ان دونوں کیسے ہوسکتا ہے اس کے حل کیلئے امام غزالی نے ایک مثال عجیب لکھی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کا اجماع ہوسکتا ہے ۔