ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
|
بعض معاصی پر سخت وعید اور پھر صغیرہ ہیں واقعہ : ایک صاحب نے سوال کیا کہ بعض معاصی پر سخت وعید آئی ہے مگر وہ شمار صغیرہ میں ہیں جیسے بدنگاہی کہ اس پر آنکھوں میں سیسہ ڈالے جانے کی وعید آئی ہے ـ ارشاد: مفسدہ اس کا عظیم ہے اس لئے اس پر وعید سخت ہے مگر چونکہ یہ مقدمہ دوسرے اس سے زیادہ سخت گناہ کا ہے اس لئے یہ اس کے اعتبار سے صغیرہ ہے یعنی زنا ـ باقی فی نفسہ اثر کے اعتبار سے تو مثل کبیرہ ہی کے ہے ـ اور خیر صغیرہ ہو یا کبیرہ ہو کچھ بھی ہو مگر قلب تو اس سے بہت گندہ ہو جاتا ہے ـ حتی کہ اتفاقی نظر پڑنے سے بھی قلب پریشان ہو جاتا ہے ـ اور بے نکاح کا تقوی تو رہ ہی نہیں سکتا ـ ہاں کسی میں بدنی قوت ہی نہ ہو ـ یا باطنی قوت ہو تو اور بات ہے ـ عورت کا دس حصہ شہوت ہونا غلط ہے ارشاد : یہ جو مشہور ہے کہ عورت کو مرد سے دس حصہ زیادہ شہوت ہے یہ غلط ہے اول تو مشاہدہ دوسرے ان کا مزاج بارد ہے ـ رطوبت ان میں زیادہ ہے پھر زیادتی کے کیا معنی ـ ارشاد : جو مواعظ مستورات کے متعلق ہیں اور وہ اب تک طبع نہیں ہوئے بلکہ وہ انکے مسودے کی حالت میں ہیں ان کو اگر علیحدہ کر دیا جائے تو جمع ہو کر ایک جلد میں طبع ہو جائیں یہ خوب ہے اور جو طبع ہو چکے ہیں ان کی فہرست لکھ دی جائے کہ یہ عورتوں کے معلق ہیں ـ زوجیت کے حقوق برابر ہیں ارشاد : زوجیت کے جو حقوق ہیں ان میں قومیت کی وجہ سے کوئی فرق نہ ہو گا ـ مثلا ایک بی بی جولاہی ہو اور دوسری شریف تو بھی برابری ہو گی حقوق میں ـ جیسا اسے کھلائے پلائے ویسے ہی اسے وغیرہ وغیرہ ـ مستورات کو سیر کرانا واقعہ : ایک صاحب نے سوال کیا کہ کسی اسٹیشن پر ٹھہرے ہوئے ہوں اور مستورات ساتھ ہوں تو ان کو کسی موقعہ کی سیر کرانا چیز دکھانا اس میں کچھ حرج ہے ـ ارشاد : ہرگر نہیں چاہئے اس سے آزادی پیدا ہو گی آئندہ گھروں کو قید خانہ خیال کرنے لگیں گی ـ اسی طرح کسی مسجد کا یا تاج بی بی کا روضہ وغیرہ کھانا ہے بالکل مصلحت کے خلات ہے ـ