ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
|
مرید بھی تھے ان کے سامنے وہ چیزیں پیش کردیں اور یہ قصہ بھی ان سے بیان کردیا مگر انہوں نے بے تکلف لے لئے اور یہ تاویل کی کہ آخر یہ اتنا تو یہ بیوہ لڑکیوں کی شادی میں ان کو دے ہی گی اسی طرح کا ایک واقعہ لکھنو کا ہے وہ یہ کہ ایک رنڈی کے پاس کچھ جائداد تھی اس نے ایک مولوی صاحب کو دینا چاہا ۔ جن کو کسی جگہ سے کچھ مختصر آمدنی بھی تھی جوان کے خرچ کو کافی بھی نہ ہوتی تھی ان کے یہاں فاقہ بھی ہوجاتا تھا انہوں نے انکار کردیا ۔ پھر ایک اصلاح عام کے ذمہ دار مدرسہ میں پیش کی انہوںنے لے لی ۔ اس پر بدمعاش یوں کہتے پھرتے کہ مولوی صاحب چونکہ تنہا تھے قیامت میں اتنے بوجھ کے متحمل نہ ہوسکتے تھے ۔ اس لئے انہوں نے نہ لی اور مدرسہ والے ہیں بہت سے انہوں نے بوجھ کو اپنے اوپر تقسیم کرلیا ۔ اس لئے لے لی ۔ خوب مذاق اڑایا اسی واسطے میں کہتا ہوں کہ علماء تک نہیں ٹھہرتے طمع کے سامنے بس ۔ جیسے بھی ملے ۔ لینے سے غرض حلال ہو یا حرام ۔ فقط ۔ کیا مکاشفہ پر عمل ضروری ہے واقعہ : ایک صاحب نے عرض کیا کہ کیا مکاشفہ پر عمل ضروری ہے ۔ اس پر حضرت نے فرمایا ۔ ارشاد : مکاشفہ تو حجیت کے کسی درجہ میں بھی نہیں قیاس جوکہ حجج اربعہ سے ہے وہ بھی دوسرے حجج مافوق کے سامنے معتبر نہیں تو مکاشفہ بیچارہ تو کس شمار میں ہے بس اتنا ہے کہ اگر مکاشفہ شرع کے خلاف نہ ہو تو خود صاحب کشف کے اتباع کا التزام کئے ہو اس کو عمل کرلینا جائز اور کسی قدر موکد ہے اور موکد ہونے کے یہ معنی ہیں کہ اگر عمل نہ کریگا تو ضرور کسی ضر دنیوی میں مبتلا ہوگا نہ کہ ضررا خروی یعنی گناہ میں ایسے واقعات کثرت سے پیش آئے ہیں ۔ ایک بزرگ تھے ان کا جی چاہا کسی بزرگ کی زیارت کو قلب میں الہام ہوا کہ مت جاؤ چنانچہ ٹھہر گئے پھر جی میں آیا چلو پھر الہام ہوا کہ مت جاؤ پھر ٹھہر گئے کئی مرتبہ کے بعد زور سے ممانعت ہوئی کہ مت جاؤ مگر یہ چلے راستہ میں ٹھوکر لگی پاؤں ٹوٹ گیا ۔ بعد میں معلوم ہوا کہ جس سے ملنے جاتے تھے وہ بدعتی شخص تھا ۔ اس سے ملنے میں عوام کیلئے فتنہ تھا اس لئے ممانعت ہوتی تھی ۔ پس الہام کی مخالفت سے بعض اوقات دنیوی ضرر پہنچ جاتا ہے ۔ اور بعض دفعہ ایسا ضرر ہوتا ہے کہ یہ جس کا متحمل نہیں ہوسکتا اور بعض دفعہ دنیوی ضرر بھی اس طرح ہوتا ہے کہ اولا تو دنیوی ضرر ہو مگر وہ مفضی ہوجاتا ہے دینی ضرر کی طرف لیکن وہ افضاء اضطراری نہیں ہوتا اگر صاحب معاملہ ہمت کرتا تو اس افضاء سے بچ