ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
|
ارشاد : پارسل محمولہ جفت پاپوش ومہندی پہنچ کر باعث مسرت ہوا آپ کی جتنی محبت ہے کاش اگر اتنی بے تکلفی بھی ہوتی تو بڑی راحت ہوتی ۔ یہ جوتہ گوتنگ نہیں مگر جیسا میں پہنتا ہوں اتنا کشادہ بھی نہیں ہے ۔ بے تکلفی ہوتی تو اول پیمانہ منگالیتے ۔ واقعہ : ایک صاحب کا ایک لمبا چوڑا خط آیا ہے ۔ جس میں دن ودنیا دونوں کے متعلق پریشانیاں لکھی تھی اور یہ بھی لکھا کہ میں حاضری کا قصد بہت دنوں سے کرتا ہوں مگر ایسے واقعات پیش آجاتے ہیں کہ حاضرہوہی نہیں سکتا ۔ اب حاضری کا مصمم ارادہ تھا مگر ایک مقدمہ ایک میرے عزیز نے دائر کرادیا ۔ مجبورا آنہیں سکتا ۔ حضرت نے لکھا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ پریشانیاں رفع ہوں اور یہاں آنا بہتر تھا ۔ اگر صورت آنے کی نہ بھی ہوتو اس کے لیے تدبیر لکھتا ہوں اپنے معاملات کو خدا کے سپرد کردینا چاہیے وہ جو کریں اس میں راضی رہے ۔ یہ بہترین تدبیر ہے ۔ کوئی کرکے تودیکھے ۔ پھر ارشاد فرمایا کہ آج کل لوگ ایسے جوابات کو خشک مضامین سے تعبیر کرتےہیں اور لکھتے ہیں کہ ہمیں ان مضامین ض(خشک ) میں مزہ نہیں آتا ۔ میں کہتا ہوں کہ گوہ کے کیڑے کے نزدیک حلوائی کی ساری دکان بے فائدہ ہے ۔ کیڑہ کہنے لگے کہ یہ جولڈو اور پیڑے ہیں جو دکان میں رکھے ہیں بے فائدہ ہیں کیونکہ میرے کام تو ائے ہی نہیں اور یوں کہے کہ گوبر وغیرہ اچھی چیز ہیں ۔ تو اس کا یہ کہنا کیسا ہے ۔ ظاہر ہے کہ محض فضول ہے ۔ آج کل لوگ تر مضامین کو پسند کرتے ہیں ۔ جیسے تاریخ وغیرہ ۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ اس قسم کے مضامین سے کان خوش ہوجاتے ہیں اور کچھ کرنا نہیں پڑتا ۔ لوگ ان مضامین کوتر سمجھتے ہیں ۔ اور یہاں لوہے کے چنے چبانے پڑتے ہیں ۔ ارشاد : بعض لوگ ایسے ہیں کہ جب ان کو ذکر وشغل تعلیم کیا جاتا ہے جہاں ان کو تھوڑی سی مدت گذری تو خیال کرنے لگتے ہیں کہ اتنے دن ہوگئے کچھ نہیں ہوا ۔ کیا خدا تعالٰٰی کے ذمہ قرض ہے اور کیا تمہارا استحقاق ہے کہ ان کے ذمہ پورا کرنا واجب ہے ۔ ایک اشکال اس صورت میں یہ دار ہوتا ہے کہ ہم سے خدائے تعالیٰ کا وعدہ ہے اس لیے ہم کو ملنا چاہیے ۔ اس کا جواب یہ ہے کہ آپ کونسا وعدہ ٌپورا کررہے ہیں کہ وہ اپنے کو پورا کریں ۔ جب آپ اپنا وعدہ پورا نہیں کرتے تو اپنا وہ وعدہ کیسے پورا فرمائیں جو تمہارے ایفا پر معلق تھا گویا تمہارے ایفاء نہ کرنے کی حالت میں خدا تعالٰی کا وعدہ ہی نہیں پوا ۔ اوفوا بعھدی اوف بعھدکم کہ تم میرے عہد کو پورا کرو میں اپنا عہد پورا کروں گا ۔