مسلمانوں کو غیرت چاہیے کہ نماز پورے طور ادا نہ کرنے سے ان کو ایسا برا خطاب دیا گیا حضرت انس بن مالک یہ صحابى ہیں جن کا ذکر ضمیمہ حصہ اول میں گزر چکا ہے ان سے روایت ہے کہ باہر تشریف لائے جناب رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم پس دیکھا ایک مرد کو مسجد میں کہ اپنا رکوع اور سجدہ پورے طور سے ادا نہیں کرتا. سو فرمایا رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے نہیں قبول کى جاتى نماز اس مرد کى جو پورے طور سے اپنا رکوع اور اپنا سجدہ نہیں ادا کرتا. رواہ الطبرانى فى الاوسط والصغیر وفیہ ابراہیم بن عبداد الکرمانى ولم اجد من ذکرہ کذا فى مجمع الزوائد حضرت ابوہریرہ رضى اللہ عنہ. یہ بڑے درجے کے عالم اور بڑے عبادت گزار اور بڑے ذکر کرنے والے اور صحابى ہیں. صحابہ میں حضرت ابن عمرو بن العاص رضى اللہ عنہ ان سے زیادہ حدیث کے جاننے والے تھے اور کوئى صحابى ابوہریرہ سے زیادہ حدیث کا جاننے والا نہ تھا. ان کا نام عبدالرحمن ہے ابوہریرہ کنیت ہے اور ابتدائے حال میں یہ تنگدست تھے یہاں تک کہ فاقوں اور بھوک کى تکلیف بھى اٹھائى. ان کے اسلام لانے کا قصہ طویل ہے. ابتداء میں باوجود ضرورت کے بوجہ تنگدستى کے نکاح بھى نہ کر سکے.