بے دیکھى ہوئى چیز کے خریدنے کا بیان
مسئلہ. کسى نے کوئى چیز بے دیکھے ہوئے خرید لى تو یہ بیع درست ہے. لیکن جب دیکھے تو اس کو اختیار ہے پسند ہو تو رکھے نہیں تو پھیر دے اگرچہ اس میں کوئى عیب بھى نہ ہو. اور جیسى ٹھہرائى تھى ویسى ہى ہو تب بھى رکھنے نہ رکھنے کا اختیار ہے. مسئلہ. کسى نے بے دیکھے اپنى چیز بیچ د-الى تو اس بیچنے والى کو دیکھنے کے بعد پھیر لینے کا اختیار نہیں ہے دیکھنے کے بعد اختیار فقط لىنے والى کو ہوتا ہے. مسئلہ. کوئى کنجڑن مٹر کى پھلیاں بیچنے کو لائى اس میں اوپر تو اچھى اچھى تھیں ان کو دیکھ کر پورا ٹوکرا لے لیا لیکن نیچے خراب نکلیں تو اب بھى اس کو پھیر دینے کا اختیار ہے البتہ اگر سب پھلیاں یکساں ہوں تو تھوڑى سى پھلیاں دیکھ لینا کافى ہے چاہے سب پھلیاں دیکھے چاہے نہ دیکھے پھیرنے کا اختیار نہ رہے گا. مسئلہ. امرود یا اناریا نارنگى وغیرہ کوئى ایسى چىز خریدى کہ سب یکساں نہیں ہوا کرتیں تو جب تک سب نہ دیکھے تب تک اختیار رہتا ہے تھوڑے کے دیکھ لینے سے اختیار نہیں جاتا. مسئلہ. اگر کوئى چیز کھانے پینے کى خریدى تو اس میں فقط دیکھ لینے سے اختیار نہیں جائے گا بلکہ چکھنا بھى چاہیے اگر چکھنے کے بعد ناپسند ٹھہرے تو پھیر دینے کا اختیار ہے. مسئلہ. بہت زمانہ ہو گیا کہ کوئى چیز دیکھى تھى اب آج اس کو خرید لیا لیکن ابھى دیکھا نہیں. پھر جب گھر لا کر دیکھا تو جیسى دیکھى تھى بالکل ویسى ہى اس کو پایا تو اب دیکھنے کے بعد پھیر دینے کا اختیار نہیں ہے. ہاں اگر اتنے دنوں میں کچھ فرق ہو گیا ہو تو دیکھنے کے بعد اس کے لینے نہ لینے کا اختیار ہوگا.