مسئلہ. کسى کو نہانے کى ضرورت تھى اور ابھى نہانے نہ پائى تھى کہ حیض آگیا تو اب اس پر نہانا واجب نہیں بلکہ جب حیض سے پاک ہو تب نہائے ایک ہى غسل دونوں باتوں کى طرف سے ہو جائے گا.
نجاست کے پاک کرنے کا بیان
مسئلہ. بدن میں یا کپڑے میں منى لگ کر سوکھ گئى تو کھرچ کر خوب مل د-النے سے پاک ہو جائے گا اور اگر ابھى سوکھى نہ ہو تو فقط دھونے سے پاک ہوگا لیکن اگر کسى نے پیشاب کر کے استنجا نہیں کیا تھا ایسے وقت منى نکلى تو وہ ملنے سے پاک نہ ہوگى اس کو دھونا چاہیے.
نماز کا بیان
مسئلہ. کسى کے لڑکا پیدا ہو رہا ہے لیکن ابھى سب نہیں نکلا کچھ باہر ہے اور کچھ نہیں نکلا ایسے وقت بھى اگر ہوش و حواس باقى ہوں تو نماز پڑھنا فرض ہے قضا کر دینا درست نہیں البتہ اگر نماز پڑھنے سے بچہ کى جان کا خوف ہو تو نماز قضا کر دینا درست ہے. اسى طرح دائى جنائى کو اگر یہ خوف ہو کہ اگر میں نماز پڑھنے لگوں گى تو بچہ کو صدمہ پہنچے گا تو ایسے وقت دائى کو بھى نماز کا قضا کر دىنا درست ہے لیکن ان سب کو پھر جلدى قضا پڑھ لینا چاہیے.
جوان ہونے کا بیان
مسئلہ. جب کسى لڑکى کو حیض آگیا یا ابھى تک کوئى حیض تو نہیں آیا لیکن اس کے پیٹ رہ آگیا یا پیٹ بھى نہیں آرہا لیکن خواب میں مرد سے صحبت کراتے دیکھا اور اس سے مزہ آیا اور منى نکل آئى. ان تینوں صورتوں میں وہ جوان ہوگئى. روزہ نماز وغیرہ شریعت کے سب حکم احکام اس پر لگائے جائیں گے اور اگر ان تینوں باتوں میں سے کوئى بات نہیں پائى گئى لیکن اس کى عمر پورے پندرہ برس کى ہو چکى ہے تب بھى وہ جوان سمجھى جائے گى اور جو حکم ان پر لگائے جاتے ہیں اب اس پر لگائے جائیں گے.
مسئلہ. جوان ہونے کو شریعت میں بالغ ہونا کہتے ہیں. نو برس سے پہلے کوئى عورت جوان نہیں ہو سکتى. اگر اس کو خون بھى آئے تو وہ حیض نہیں ہے بلکہ استحاضہ ہے جس کا حکم اوپر بیان ہو چکا ہے.