عادتوں کا سنوارنا
کھانے پینے کا بیان
ادب بسم اللہ کر کے کھانا شروع کرو اور داہنے ہاتھ سے کھاؤ اور اپنے سامنے سے کھاؤ. البتہ اگر اس برتن میں کئى قسم کى چیز ہے جیسے کئى طرح کا پھل کئى طرح کى شیرینى ہو اس وقت جس چیز کو جى چاہے جس طرف سے چاہو اٹھا لو. ادب انگلیاں چاٹ لیا کرو اور برتن میں اگر سالن ہو چکے تو اس کو بھى صاف کر لیا کرو . ادب اگر لقمہ ہاتھ سے چھوٹ جائے اس کو اٹھا کر صاف کر کے کھا لو شیخى مت کرو. ادب خربوزے کى بھانکیں ہیں یا کھجور وانگور کے دانے ہیں یا مٹھائى کى د-لیاں ہیں تو ایک ایک اٹھاؤ. دو دو ایکدم سے مت لو. ادب اگر کوئى چیز بدبودار کھائى ہو جیسے کچا پیاز لہسن تو اگر محفل میں بیٹھنا ہو پہلے منہ صاف کر لو کہ بدبو نہ رہے. ادب روز کے خرچ کے لیے آٹا چاول ناپ تول کر پکاؤ اندھا دھند مت اٹھاؤ. ادب کھا پى کر اللہ تعالى کا شکر کرو. ادب کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد ہاتھ دھو لو اور کلى بھى کر لو. ادب بہت جلتا کھانا مت کھاؤ. ادب مہمان کى خاطر کرو. اگر تم مہمان جاؤ تو اتنا مت ٹھہرو کہ دوسرے کو بوجھ لگنے لگے. ادب کھانا مل کر کھانے سے برکت ہوتى ہے. ادب جب کھانا کھا چکو اپنے اٹھنے سے پہلے دسترخوان اٹھوا دو. اس سے پہلے خود اٹھنا بے ادبى ہے اور اگر اپنى ساتھن سے پہلے کھا چکو تب بھى اس کا ساتھ دو. تھوڑا تھوڑا کھاتى رہو تاکہ وہ شرم کے مارے بھوکى نہ اٹھ جائے. اور اگر کسى وجہ سے اٹھنے ہى کى ضرورت ہو تو اس سے عذر کر دو. ادب مہمان کو دروازے کے پاس تک پہنچانا سنت ہے. ادب پانى ایک سانس میں مت پیو تین سانس لینے کے وقت برتن منہ سے جدا کر دو اور بسم اللہ کر کے پیو اور پى کر الحمد للہ کہو. ادب جس برتن سے زیادہ پانى جانے کا شبہ ہو یا برتن کے اندر کا حال معلوم نہ ہو کہ اس میں شاید کوئى کیڑا کانٹا ہو ایسے برتن سے منہ لگا کر پانى مت پیو. ادب بے ضرورت کھڑے ہو کر پانى مت پیو.