مسئلہ. اگر کوئى ایسا عذر پیدا ہو جائے کہ کرایہ کو توڑنا پڑے تو مجبورى کے وقت توڑ دینا صحیح ہے. مثلا کہیں جانے کے لیے بہلى کو کرایہ پر کیا. پھر رائے بدل گئى اب جانے کا ارادہ نہیں رہا تو اجارہ توڑ دینا صحیح ہے.
مسئلہ. یہ جو دستور ہے کہ کرایہ طے کر کے اس کو کچھ بیعانہ دے دیتے ہیں اگر جانا ہوا تو پھر اس کو پورا کر دیتے ہیں اور وہ بیعانہ اس کرایہ میں مجرا ہو جاتا ہے اور جو جانا نہ ہوا تو وہ بیعانہ ہضم کر لیتا ہے واپس نہیں دیتا یہ درست نہیں بلکہ اس کو واپس دینا چاہیے.
بلا اجازت کسى کى چیز لے لینے کا بیان
مسئلہ. کسى کى چیز زبردستى لے لینا یا پیٹھ پیچھے اس کى بغیر اجازت کے لے لینا بڑا گناہ ہے بعضى عورتیں اپنے شوہر یا اور کسى عزیز کى چیز بلا اجازت لے لیتى ہیں یہ بھى درست نہیں ہے جو چیز بلا اجازت لے لى تو اگر وہ چیز ابھى موجود ہو تو بعینہ وہى پھیر دینا چاہیے. اور اگر خرچ ہو گئى ہو تو اس کا حکم یہ ہے کہ اگر ایسى چیز تھى کہ اسى کے مثل بازار میں مل سکتى ہے جیسے غلہ گھى تیل روپیہ پیسہ تو جیسى چیز لى ہے ویسى ہے منگا کر دے دینا واجب ہے. اور اگر کوئى ایسى چیز لے کر ضائع کر دى کہ اس کے مثل ملنا مشکل ہو تو اس کى قیمت دینا پڑے گى جیسے مرغى بکرى امرود نارنگى ناشپاتى.
مسئلہ. چار پائى کا ایک آدھ پاؤ ٹوٹ گیا یا پٹى یا چول ٹوٹ گئى یا اور کوئى چیز لے لى تھى وہ خراب ہو گئى تو خراب ہونے سے جتنا اس کا نقصان ہوا ہو دینا پڑے گا.
مسئلہ. پرائے روپے سے بلا اجازت تجارت کى تو اس سے جو کچھ نفع ہوا اس کا لینا درست نہیں. بلکہ اصل روپیہ مالک کو واپس دے اور جو کچھ نفع ہو اس کو ایسے لوگوں کو خیرات کر دے جو بہت محتاج ہوں.