مسئلہ. کسى نے کہا کہ اپنى مرغى اسى میں بند رہنے دو اگر بلى لے جائے تو میرا ذمہ مجھ سے لے لینا. یا بکرى کو کہا اگر بھیڑیا لے جائے تو مجھ سے لے لینا تو یہ ذمہ دارى صحیح نہیں.
مسئلہ. نابالغ لڑکا یا لڑکى اگر کسى کى ذمہ دارى کرے تو وہ ذمہ دارى صحیح نہیں.
کسى کو وکیل کر دینے کا بیان
مسئلہ. جس کام کو آدمى خود کر سکتا ہے اس میں یہ بھى اختیار ہے کہ کسى اور سے کہہ دے کہ تم ہمارا یہ کام کر دو. جیسے بیچنا مول لینا کرایہ پر لینا دینا نکاح کرنا وغیرہ. مثلا ماما کو بازار سودا لینے بھیجا یا ماما کے ذریعہ سے کوئى چیز بکوائى یا یکہ بہلى کرایہ پر منگوایا. اور جس سے کام کرایا ہے شریعت میں اس کو وکیل کہتے ہیں ماما کو یا کسى نوکر کو سودا لینے بھیجا تو وہ تمہارا وکیل کہلائے گا.
مسئلہ. تم نے ماما سے گوشت منگوایا وہ ادھار لے آئى تو گوشت والا تم سے دام کا تقاضا نہیں کر سکتا. اس ماما سے تقاضا کرے اور وہ ماما تم سے تقاضا کرے گى. اسى طرح اگر کوئى چیز تم نے ماما سے بکوائى تو اس لینے والے سے تم کو تقاضا کرنے اور دام کے وصول کرنے کا حق نہیں ہے اس نے جس سے چیز پائى ہے اس کو دام بھى دے گا اور اگر وہ خود تمہیں کو دام دیدے تب بھى جائز ہے مطلب یہ ہے کہ اگر وہ تم کو نہ دے تو تم زبردستى نہیں کر سکتیں.
مسئلہ. تم نے نوکر سے کوئى چیز منگوائى وہ لے آیا تو اس کو اختیار ہے کہ جب تک تم سے دام نہ لے لیوے تب تک وہ چیز تم کو نہ دیوے چاہے اس نے اپنے پاس سے دام دیدىئے ہوں یا ابھى نہ دىئے ہوں دونوں کا ایک حکم ہے. البتہ اگر وہ دس پانچ دن کے وعدے پر ادھار لایا ہو تو جتنے دن کا وعدہ کر آیا ہے اس سے پہلے دام نہیں مانگ سکتا.
مسئلہ. تم نے سیر بھر گوشت منگوایا تھا وہ د-یڑھ سیر اٹھا لایا تو پورا د-یڑھ سیر لینا واجب نہیں. اگر تم نہ لو تو آدھ سیر
اس کو لینا پڑے گا.