مسئلہ. جانور کو ادھیان پر دىنا درست نہیں یعنى یوں کہنا کہ یہ مرغیاں یا بکریاں لے جاؤ اور پرورش سے اچھى طرح رکھو جو کچھ بچے ہوں وہ آدھے تمہارے آدھے ہمارے یہ درست نہیں ہے.
مسئلہ. گھر سجانے کے لیے جھاڑ فانوس وغیرہ کرایہ پر لینا درست نہیں. اگر لایا بھى تو وہ دینے والا کرایہ پانے کا مستحق نہیں. البتہ اگر جھاڑ فانوس جلانے کے لیے لایا ہو تو درست ہے.
مسئلہ. کوئى یکہ یا بہلى کرایہ پر کى تو معمولى سے زیادہ بہت آدمیوں کا لد جانا درست نہیں. اسى طرح د-ولى میں بلا کہاروں کى اجازت کے دو دو بیٹھ جانا درست نہیں.
مسئلہ. کوئى چیز کھوئى گئى. اس نے کہا جو کوئى ہمارى چیز بتلا دے کہ کہاں ہے اس کو ایک پیسہ دیں گے. تو اگر کوئى بتا دے تب بھى پیسہ پانے کى مستحق نہیں ہے. کیونکہ یہ اجارہ صحیح نہیں ہوا. اور اگر کسى خاص آدمى سے کہا ہو کہ اگر تو بتلا دے تو پیسہ دىں گے تو اگر اس نے اپنى جگہ بیٹھے بیٹھے یا کھڑے کھڑے بتلا دیا تو کچھ نہ پائے گى. اور اگر کچھ چل کے بتلایا ہو تو پیسہ دھیلا جو کچھ وعدہ تھا ملے گا.
تاوان لینے کا بیان
مسئلہ. رنگریز. دھوبى. درزى وغیرہ کسى پیشہ ور سے کوئى کام کرایا تو وہ چیز جو اس کو دى ہے اس کے پاس امانت ہے اگر چورى ہو جائے یا اور کسى طرح بلا قصد مجبورى سے ضائع ہو جائے تو ان سے تاوان لینا درست نہیں. البتہ اگر اس نے اس طرح کندى کى کہ کپڑا پھٹ گیا یا عمدہ ریشمى کپڑا بھٹى پر چڑھا دیا وہ خراب ہو گیا تو اس کا تاوان لینا جائز ہے. اسى طرح جو کپڑا اس نے بدل دیا تو اس کا تاوان لینا بھى درست ہے. اور اگر کپڑا کھویا گیا اور وہ کہتا ہے معلوم نہیں کیونکہ گیا اور کیا ہوا. اس کا تاوان لینا بھى درست ہے. اور اگر وہ کہے کہ میرے یہاں چورى ہو گئى اس میں جاتا رہا تو تاوان لینا درست نہیں.
مسئلہ. کسى مزدور کو گھى تیل وغیرہ گھر پہنچانے کو کہا. اس سے رستہ میں گر پڑا تو اس کا تاوان لینا جائز ہے.