مسئلہ. ایک بکرى چار روپے کو مول لى. پھر مہینہ بھر تک رہى اور ایک روپیہ اس کى خوارک میں لگ گیا تو اب پانچ روپے اس کى اصلى قیمت ظاہر کر کے نفع لینا درست ہے. البتہ اگر وہ دودھ دیتى ہو تو جتنا دودھ دیا ہے اتنا گھٹا دینا پڑے گا. مثلا اگر مہینہ بھر میں آٹھ آنے کا دودھ دیا ہے تو اب اصل قیمت ساڑھے چار روپے ظاہر کرے اور یوں کہے کہ ساڑھے چار مجھ کو پڑى. اور چونکہ عورتوں کو اس قسم کى ضروت زیادہ نہیں پڑتى اس لیے ہم اور مسائل نہیں بیان کرتے.
سودى لین دین کا بیان
سودى لین دین کا بڑا بھارى گناہ ہے. قرآن مجید اور حدیث شریف میں اس کى بڑى برائى اور اس سے بچنے کى بڑى تاکید آئى ہے. حضرت رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے سود دینے والے اور لینے والے اور بیچ میں پڑ کے سود دلانے والے سودى دستاویز لکھنے والے گواہ شاہد وغیرہ سب پر لعنت فرمائى ہے اور فرمایا ہے کہ سود دینے والا اور لینے والا گناہ میں دونوں برابر ہیں اس لیے اس سے بہت بچنا چاہیے اس کے مسائل بہت نازک ہیں. ذرا ذرا سى بات میں سود کا گناہ ہو جاتا ہے اور انجان لوگوں کو پتہ بھى نہیں لگتا کہ کیا گناہ ہوا. ہم ضرورى ضرورى مسئلے یہاں بیان کرتے ہیں لین دین کے وقت ہمیشہ ان کا خیال رکھا کرو. مسئلہ. ہندو پاکستان کے رواج سے سب چیزیں چار قسم کى ہیں. ایک تو خود سونا چاندى یا ان کى بنى ہوئى چیز. دوسرے اس کے سوا اور وہ چیزیں جو تول کر بکتى ہیں جیسے اناج غلہ لوہا تانبہ روٹى ترکارى وغیرہ. تیسرے وہ چزیں جو گز سے ناپ کر بکتى ہیں جیسے کپڑا چوتھے وہ جو گنتى کے حساب سے بکتى ہیں جیسے اند-ے م امرود نارنگى بکرى گائے گھوڑا وغیرہ. ان سب چیزوں کا حکم الگ الگ سمجھ لو.