مسئلہ. جب تم نے کوئى چیز گروى رکھ دى تو اب بغیر قرضہ ادا کیے اپنى چیز کے مانگنے اور لے لینے کا حق نہیں ہے.
مسئلہ. جو چیز تمہارے پاس کسى نے گروى رکھى تو اب اس چیز کو کام میں لانا اس سے کسى طرح کا نفع اٹھانا ایسے باغ کا پھل کھانا ایسى زمین کا غلہ یا روپیہ لے کر کھانا ایسے گھر میں رہنا کچھ درست نہیں ہے.
مسئلہ. اگر بکرى گائے وغیرہ گروى ہو تو اس کا دودھ بچہ وغیرہ جو کچھ ہو وہ بھى مالک ہى کے ہیں. جس کے پاس گروى ہے اس کو لینا درست نہیں. دودھ کو بیچ کر دام کو بھى گروى میں شامل کر دے. جب وہ تمہارا قرضہ ادا کر دے تو گروى کى چیز اور یہ دام دودھ کے سب واپس کر دو اور کھلائى کے دام کاٹ لو.
مسئلہ. اگر تم نے اپنا روپیہ کچھ ادا کر دیا تب بھى گروى کى چیز نہیں لے سکتیں جب سب روپیہ ادا کرو گى تب وہ چیز ملے گى.
مسئلہ. اگر تم نے دس روپے قرض لیے اور دس ہى روپے کى چیز یا پندرہ بیس روپے کى چیز گروى کر دى اور وہ چیز اس کے پاس سے جاتى رہى تو اب نہ تو وہ تم سے اپنا کچھ قرض لے سکتا ہے اور نہ تم اس سے اپنى گروى کى چیز کے دام لے سکتى ہو. تمہارى چیز گئى اور اس کا روپیہ گیا. اور اگر پانچ ہى روپے کى چیز گروى رکھى اور وہ جاتى رہى تو پانچ روپے تم کو دینا پڑیں گے پانچ روپے مجرا ہو گئے.
وصیت کا بیان
مسئلہ. یہ کہنا کہ میرے مرنے کے بعد میرا اتنا مال فلانے آدمى کو یا فلانے کام میں دے دینا. یہ وصیت ہے چاہے تندرستى میں کہے چاہے بیمارى میں. پھر چاہے اس بیمارى میں مر جائے یا تندرست ہو جائے اور جو خود اپنے ہاتھ سے کہیں دے دیں کسى کو قرضہ معاف کر دے تو اس کا حکم یہ ہے کہ تندرستى میں ہر طرح دوست ہے اور اسى طرح جس بیمارى سے شفا ہو جائے اس میں بھى درست ہے اور جس بیمارى میں مر جائے وہ وصیت ہے جس کا حکم گے تا ہے.