کرایہ پر لینے کا بیان
مسئلہ. جب تم نے مہینہ بھر کے لیے گھر کرایہ پر لیا اور اپنے قبضہ میں کر لیا تو مہینے کے بعد کرایہ دینا پڑے گا چاہے اس میں رہنے کا اتفاق ہوا ہو یا خالى پڑا رہا ہو. کرایہ بہرحال واجب ہے.
مسئلہ. درزى کپڑا سى کر یا رنگریز رنگ کر یا دھوبى کپڑا دھو کر لایا تو اس کو اختیار ہے کہ جب تک تم سے اس کى مزدورى نہ لے لیوے تب تک تم کو کپڑا نہ دے. بغیر مزدورى دیئے اس سے زبردستى لینا درست نہیں. اور اگر کسى مزدور سے غلے کا ایک بورا ایک آنہ پیسہ کے وعدہ پر اٹھوایا تو وہ اپنى مزدورى مانگنے کے لیے تمہارا غلہ نہیں روک سکتا. کیونکہ وہاں سے لانے کى وجہ سے غلہ میں کوئى بات نہیں پیدا ہوئى. اور پہلى صورتوں میں ایک نئى بات کپڑے میں پیدا ہو گئى.
مسئلہ. اگر کسى نے یہ شرط کر لى کہ میرا کپڑا تم ہى سینا یا تم ہى رنگنا یا تم ہى دھونا تو اس کو دوسرے سے دھلوانا درست نہیں. اور اگر یہ شرط نہیں کى تو کسى اور سے بھى وہ کام کرا سکتى ہے.
اجارہ فاسد کا بیان
مسئلہ. اگر مکان کرایہ پر لیتے وقت کچھ مدت نہیں بیان کى کہ کتنے دن کے لیے کرایہ پر لیا ہے یا کرایہ نہیں مقرر کیا یوں ہى لے لیا. یا یہ شرط کر لى کہ جو کچھ اس میں گر پڑ جائے گا وہ بھى ہم اپنے پاس سے بنوا دىا کریں گے. یا کسى کو گھر اس وعدہ پر دیا کہ اس کى مرمت کرا دیا کرے اور اس کا یہى کرایہ ہے. یہ سب اجارہ فاسد ہے اور اگر یوں کہہ دے کہ تم اس گھر میں رہو اور مرمت کرا دیا کرو کرایہ کچھ نہیں تو یہ عاریت ہے اور جائز ہے.