مسئلہ. ماں باپ وغیرہ کو بچے کا مال کسى کو قرض دینا بھى صحیح نہیں بلکہ خود قرض لینا بھى صحیح نہیں خوب یاد رکھو.
دے کر پھیر لینے کا بیان
مسئلہ. کچھ دے کر پھیر لینا بڑا گناہ ہے. لیکن اگر کوئى واپس لے لیوے اور جس کو دى تھى وہ اپنى خوشى سے دے بھى دیوے تو اب پھر اس کى مالک بن جائے گى مگر بعضى باتیں ایسى ہیں جس سے پھیر لینے کا اختیار بالکل نہیں رہتا. مثلا تم نے کسى کو بکرى دى. اس نے کھلا پلا کر خوب موٹا تازہ کیا تو پھیرنے کا اختیار نہیں ہے یا کسى کو زمین دى اس میں اس نے گھر بنا لیا یا باغ لگایا تو اب پھیرنے کا اختیار نہیں یا کپڑا دینے کے بعد اس نے کپڑے کو سى لیا یا رنگ لیا یا دھلوا لیا تو اب پھیرنے کا اختیار نہیں.
مسئلہ. تم نے کسى کو بکرى دى. اس کے دو ایک بچے ہوئے تو پھیرنے کا اختیار باقى ہے. لیکن اگر پھیرے تو صرف بکرى پھیر سکتى ہے وہ بچے نہیں لے سکتى.
مسئلہ. دینے کے بعد اگر دینے والا یا لینے والا مر جائے تب بھى پھیرنے کا اختیار نہیں رہتا.
مسئلہ. تم کو کسى نے کوئى چیز دى. پھر اس کے بدلے میں تم نے بھى کوئى چیز اس کو دے دى اور کہہ دیا لو بہن اس کے عوض تم یہ لے لو تو بدلہ دینے کے بعد اب اس کو پھر لینے کا اختیار نہیں ہے. البتہ اگر تم نے یہ نہیں کہا ہم اس کے عوض میں دیتے ہیں تو وہ اپنى چیز پھیر سکتى ہے اور تم اپنى چیز بھى پھیر سکتى ہو.