حیض اور استحاضہ کا بیان
مسئلہ. ہر مہینہ میں جو آگے کى راہ سے معمولى خون آتا ہے اس کو حیض کہتے ہیں.
مسئلہ. کم سے کم حیض کى مدت تین دن تین رات ہے اور زیادہ سے زیادہ دس دن دس رات ہے. کسى کو تین دن تین رات سے کم خون آیا تو وہ حیض نہیں ہے. بلکہ استحاضہ ہے کہ کسى بیمارى وغیرہ کى وجہ سے ایسا ہو گیا ہے اور اگر دس دن رات سے زیادہ خون آیا ہے تو جتنے دن دس سے زیادہ آیا ہے وہ بھى استحاضہ ہے.
مسئلہ. اگر تین دن تو ہو گئے لیکن تین راتیں نہیں ہوئیں جیسے جمعہ کو صبح سے خون آیا اور اتوار کو شام کے وقت بعد مغرب بند ہو گیا تب بھى یہ حیض نہیں بلکہ استحاضہ ہے. اگر تین دن رات سے ذرا بھى کم ہو تو وہ حیض نہیں. جیسے جمعہ کو سورج نکلتے وقت خون آیا اور دو شنبہ کو سورج نکلنے سے پہلے بند ہو گیا تو وہ حیض نہیں بلکہ استحاضہ ہے.
مسئلہ. حیض کى مدت کے اندر سرخ زرد سبز خاکى یعنى مٹیالا سیاہ جو رنگ آئے سب حیض ہے جب تک گدى بالکل سفید نہ دکھلائى دے اور جب بالکل سفید رہے جیسى کہ رکھى گى تھى تو اب حیض سے پاک ہو گئى.
مسئلہ. نو برس سے پہلے اور پچپن برس کے بعد کسى کو حیض نہیں آتا ہے اس لیے نو برس سے چھوٹى لڑکى کو جو خون آئے وہ حیض نہیں ہے بلکہ استحاضہ ہے اگرچہ پچپن برس کے بعد کچھ نکلے تو اگر خون خوب سرخ یا سیاہ ہو تو حیض ہے اور اگر زرد یا سبز یا خاکى رنگ ہو تو حیض نہیں بلکہ استحاضہ ہے. البتہ اگر اس عورت کو اس عمر سے پہلے بھى زرد یا سبز یا خاکى رنگ آتا ہو تو پچپن پرس کے بعد بھى یہ رنگ حیض سمجھے جائیں گے. اور اگر عادت کے خلاف ایسا ہوا تو حیض نہیں بلکہ استحاضہ ہے.