مسئلہ. بیمار کے پاس بیمار پرسى کى رسم سے کچھ لوگ گئے اور کچھ دن یہیں لگ گئے کہ یہیں رہتے اور اس کے مال میں کھاتے پیتے ہیں تو اگر مریض کى خدمت کے لیے ان کے رہنے کى ضرورت ہو تو خیر کچھ حرج نہیں اور اگر ضرورت نہ ہو تو ان کى دعوت مدارات کھانے پینے میں بھى تہائى سے زیادہ لگانا جائز نہیں. اور اگر ضرورت بھى نہ ہو اور وہ لوگ وارث ہوں تو تہائى سے کم بھى بالکل جائز نہیں یعنى ان کو اس کے مال میں کھانا جائز نہیں. ہاں اگر سب وارث بخوشى اجازت دیں تو جائز ہے.
مسئلہ. ایسى بیمارى کى حالت میں جس میں بیمار مر جائے اپنا فرض معاف کرنے کا بھى اختیار نہیں ہے. اگر کسى وارث پر قرض تھا اس کو معاف کیا تو معاف نہیں ہوا. اگر سب وارث یہ معانى منظور کریں اور بالغ ہوں تب معاف ہوگا. اور اگر غیر کو معاف کیا تو تہائى مال سے جتنا زیادہ ہوگا معاف نہ ہوگا. اکثر دستور ہے کہ بى بى مرتے وقت اپنا مہر معاف کر دیتى ہے یہ معاف کرنا صحیح نہیں.