مسئلہ. کسى نے کوئى چیز رکھائى اور تم بھول گئیں اسے وہیں چھوڑ کر چلى گئیں تو جاتے رہنے پر تاوان دینا پڑے گا یا کوٹھڑى صندوقچہ وغیرہ قفل کھول کر تم چلى گئیں اور وہاں ایرے غیرے سب جمع ہیں اور وہ چیز اىسى ہے کہ عرفا بغیر قفل لگائے اس کى حفاظت نہیں ہو سکتى تب بھى ضائع ہو جانے سے تاوان دینا ہوگا.
مسئلہ. گھر میں آگ لگ گئى تو ایسے وقت غیر کے پاس بھى پرائى امانت کا رکھا دینا جائز ہے لیکن جب وہ عذر جاتا رہا تو فورا لے لینا چاہیے. اگر اب واپس نہ لے گى تو تاوان دینا پڑے گا. اسى طرح مرتے وقت اگر کوئى اپنے گھر کا آدمى موجود نہ ہو تو پڑوسى کے سپرد کر دینا درست ہے. مسئلہ. اگر کسى نے کچھ روپے پیسے امانت رکھوائے تو بعینہ ان ہى روپے پیسوں کا حفاظت سے رکھنا واجب ہے نہ تو اپنے روپوں میں ان کا ملانا جائز ہے اور نہ ان کا خرچ کرنا جائز ہے. یہ نہ سمجھو کہ روپیہ روپیہ سب برابر. لاؤ اس کو خرچ کر د-الیں جب مانگے گى تو اپنا روپیہ دے دیں گے. البتہ اگر اس نے اجازت دے دى ہو تو ایسے وقت خرچ کرنا درست ہے لیکن اس کا یہ حکم ہے کہ اگر وہى روپیہ تم الگ رہنے دو تب تو امانت سمجھا جائے گا. اگر جاتا رہا تو تاوان نہ دینا پڑے گا. اور اگر تم نے اجازت لے کر اسے خرچ کر دیا تو اب وہ تمہارے ذمہ قرض ہو گیا امانت نہیں رہا. لہذا اب بہرحال تم کو دینا پڑے گا. اگر خرچ کرنے کے بعد تم نے اتنا ہى روپیہ اس کے نام سے الگ کر کے رکھ دیا تب بھى وہ امانت نہیں وہ تمہارا ہى روپیہ ہے اگر چورى گیا تو تمہارا گیا اس کو پھر دینا پڑے گا غرضیکہ خرچ کرنے کے بعد جب تک اس کو ادا نہ کرو گى تب تک تمہارے ذمہ رہے گا.