مسئلہ . کسى کنوئیں وغیرہ میں درخت کے پتے گر پڑے اور پانى میں بدبو آنے لگى اور رنگ اور مزہ بھى بدل گیا تو بھى اس سے وضو درست ہے جب تک کہ پانى اس طرح پتلا باقى ہے.
مسئلہ . جس پانى میں نجاس پڑ جائے اس سے وضو غسل کچھ درست نہیں. چاہے وہ نجاست تھوڑى ہو یا بہت ہو. البتہ اگر بہتا ہوا پانى ہو تو وہ نجاست کے پڑنے سے ناپاک نہیں ہوتا جب تک کہ اس کے رنگ یا مزے یا بو میں فرق نہ آئے. اور جب نجاست کى وجہ سے رنگ یا مزہ بدل گیا یا بو آنے لگى تو بہتا ہوا پانى بھى نجس ہو جائے گا اس سے وضو درست نہیں. اور جو پانى گھاس تنکے پتے وغیرہ کو بہا لے جائے وہ بہتا پانى ہے چاہے کتنا ہى آہستہ آہستہ بہتا ہو.
مسئلہ . بڑا بھارى حوض جو دس ہاتھ لمبا اور دس ہاتھ چوڑا ہو اور اتنا گہرا ہو کہ اگر چلو سے پانى اٹھائیں تو زمین نہ کھلے. یہ بھى بہتے ہوئے پانى کى مثل ہے ایسے حوض کو دہ در دہ کہتے ہیں. اگر اس میں ایسى نجاست پڑ جائے جو پڑ جانے کے بعد دکھلائى نہیں دیتى جیسے پیشاب خون شراب وغیرہ تو چاروں طرف وضو کرنا درست ہے جدھر چاہے وضو کرے. اور اگر ایسى نجاست پڑ جائے جو دکھلائى دیتى ہے جیسے مردہ کتاب تو جدھر پڑا ہو اس طرف وضو نہ کرے. اس کے سوا اور جس طرح چاہے کرے. البتہ اگر اتنے بڑے حوض میں اتنى نجاست پڑ جائے کہ رنگ یا مزہ بدل جائے یا بدبو آنے لگے تو نجس ہوجائے گا.
مسئلہ. اگر بیس ہاتھ لمبا اور پانچ ہاتھ چوڑا یا پچیس ہاتھ لمبا اور چار ہاتھ چوڑا ہو وہ حوض بھى دہ در دہ کے مثل ہے.
مسئلہ. چھت پر نجاست پڑى ہے اور پانى برسا اور پرنالہ چلا تو اگر آدھى یا آدھى سے زیادہ چھت ناپاک ہے تو وہ پانى نجس ہے اور اگر چھت آدھى سے کم ناپاک ہے تو وہ پانى پاک ہے اور اگر نجاست پرنالے کے پاس ہى ہو اور اتنى ہو کہ سب پانى اس سے مل کر آتا ہے تو وہ پانى نجس ہے.