مسئلہ. بکرى سال بھر سے کم کى درست نہیں. جب پورے سال بھر کى ہو تب قربانى درست ہے. اور گائے بھینس دو برس سے کم کى درست نہیں. پورے دو برس ہو چکیں تب قربانى درست ہے. اور اونٹ پانچ برس سے کم کا درست نہیں ہے اور دنبہ یا بھیڑ اگر اتنا موٹا تازہ ہو کہ سال بھر کا معلوم ہوتا ہو اور سال بھر والے بھیڑ دنبوں میں اگر چھوڑ دو تو کچھ فرق نہ معلوم ہوتا ہو تو ایسے وقت چھ مہینے کے دنبہ اور بھیڑ کى بھى قربانى درست ہے. اور اگر ایسا نہ ہو تو سال بھر کا ہونا چاہیے.
مسئلہ. جو جانور اندھا ہو یا کاناہو. ایک آنکھ کى تہائى روشنى یا اس سے زیادہ جاتى رہى ہو یا ایک کان تہائى یا تہائى سے زیادہ کٹ گیا. یا تہائى دم یا تہائى سے زیادہ کٹ گئى تو اس جانور کى قربانى درست نہیں.
مسئلہ. جو جانور اتنا لنگڑا ہے کہ فقط تین پاؤں سے چلتا ہے چوتھا پاؤں رکھا ہى نہیں جاتا چوتھا پاؤں رکھتا تو ہے لیکن اس سے چل نہیں سکتا اس کى بھى قربانى درست نہیں اور اگر چلتے وقت وہ پاؤں زمین پر ٹیک کر چلتا ہے اور چلنے میں اس سے سہارا لگتا ہے لیکن لنگڑا کر کے چلتا ہے تو اس کى قربانى درست ہے.
مسئلہ. اتنا دبلا بالکل مریل جانور جس کى ہد-یوں میں بالکل گودا نہ رہا ہو اس کى قربانى درست نہیں ہے اور اگراتنا دبلا نہ ہو تو دبلے ہونے سے کچھ حرج نہیں اس کى قربانى درست ہے لیکن موٹے تازہ جانور کى قربانى کرنا زیادہ بہتر ہے.
مسئلہ. جس جانور کے بالکل دانت نہ ہوں اس کى قربانى درست نہیں. اور اگر کچھ دانت گر گئے لیکن جتنے گرے ہیں ان سے زیادہ ہیں تو اس کى قربانى درست ہے.
مسئلہ. جس جانور کى پیدائش ہى سے کان نہیں ہیں اس کى بھى قربانى درست نہیں ہے اور اگر کان تو ہیں لیکن بالکل ذرا ذرا سے چھوٹے چھوٹے ہیں تو اس کى قربانى درست ہے.