مسئلہ. اگر گائے میں سات آدمیوں سے کم لوگ شریک ہوئے جیسے پانچ آدمى شریک ہوئے یا چھ آدمى شریک ہوئے اور کسى کا حصہ ساتویں حصہ سے کم نہیں تب بھى سب کى قربانى درست ہے. اور اگر آٹھ آدمى شریک ہو گئے تو کسى کى قربانى صحیح نہیں ہوئى.
مسئلہ. قربانى کے لیے کسى نے گائے خریدى اور خریدتے وقت یہ نیت کى کہ اگر کوئى اور ملے گا تواس کو بھى اس گائے میں شریک کر لیں گے اور ساجھے میں قربانى کریں گے. اس کے بعد کچھ اور لوگ اس گائے میں شریک ہو گئے تو یہ درست ہے. اور اگر خریدتے وقت اس کى نیت شریک کرنے کى نہ تھى بلکى پورى گائے اپنى طرف سے قربانى کرنے کا ارادہ تھا تو اب اس میں کسى اور کا شریک ہونا بہتر تو نہیں ہے لیکن اگر کسى کو شریک کر لیا تو دیکھنا چاہیے جس نے شریک کیا وہ امیر ہے کہ اس پر قربانى واجب ہے یا غریب ہے جس پر قربانى واجب نہیں. اگر امیر ہے تو درست ہے اور اگر غریب ہے تو درست نہیں.
مسئلہ. اگر قربانى کا جانور کہیں گم ہو گیا اس لیے دوسرا خریدا پھر وہ پہلا بھى مل گیا. اگر امیر آدمى کو ایسا اتفاق ہوا تو ایک ہى جانور کى قربانى اس پر واجب ہے اور اگر غریب آدمى کو ایسا اتفاق ہوا تو دونوں جانوروں کى قربانى اس پر واجب ہوگى .
مسئلہ. سات آدمى گائے میں شریک ہوئے تو گوشت بانٹتے وقت اٹکل سے نہ بانٹیں بلکہ خوب ٹھیک ٹھیک تول کربانٹیں نہیں تو اگر کوئى حصہ زیادہ کم رہے گا تو سود ہو جائے گا. اور گناہ ہوگا البتہ اگر گوشت کے ساتھ کلہ پائے اور کھال کو بھى شریک کر لیا تو جس طرف کلہ پائے یا کھال ہو اس طرف اگر گوشت کم ہو درست ہے چاہے جتنا کم ہو. جس طرف گوشت زیادہ تھا اس طرف کلہ پائے شریک کیے تو بھى سود ہو گیا اور گنا ہوا.