ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
|
واقعہ : حضرت والا نے ایک خط کھول کر حاضرین کے سامنے پڑھ کر سنایا اور جواب بھی اس کا سب کے سامنے پڑھا خط کا مضمون یہ تھا ۔ عرصہ ایک ماہ کا ہوا کہ فدوی کی بہو کا ( لڑکے کی بیوی ) انتقال ہوگیا جس کی عمر 16 یا 17 برس کی تھی ۔ اور نہایت نیک بخت اور میری فرمابردار تھی اس کے انتقال کا مجھ کو صدمہ ہوا ۔ حالانکہ میرا خیال تھا کہ دنیاوی محبت کسی قدر بھی مجھے نہیں ہے لیکن یہ غلط نکلا ہزار کوشش کرتا تھا کہ نہ روؤں لیکن قلب پر ایسا اثر ہوتا تھا کہ آنسو روکے نہیں رکتے تھے ۔ اور ایک ہفتہ تک بیحد تکلیف رہی ۔ لیکن پھر حضور والا کی خواب میں زیارت ہوئی اور حضور نے تسکین فرمادی ۔ اس روز سے واقعی تسکین ہوگئی اور خیال تکلیف دہ جاتا رہا ۔ جو جواب حضرت والا نے تحریر فرمایا وہ یہ ہے : بیوی یا اولاد کی محبت میں یہ حالت ہوتی تو مضائقہ نہ تھا لا حول ولا قوۃ الا باللہ ۔ بہو سے ایسا علاقہ ایں چہ معنی ۔ مجھ کو تو سخت ہی ناگوار ہو ا۔ اس کا جو ضرر دین پر پہنچنے والا ذرا اس سے بچو ۔ اور فکر کرو ۔ لا الہ الا اللہ کیا واہیات ہے ۔ نفس میں ضرور چور چھپا ہے نکالو ۔ جلدی نکالو ۔ ورنہ یہ رنگ لا ویگا گوق دوسرے ہی موقعہ پر سہی ۔ افسوس یہ ثقاہت اور یہ خیانت فقط ۔ جب حضرت والا اس خط کو سنا چکے تو ایک صاحبب نے ذاکرین میں سے کہا کہ شاید ان کو محبت اس وجہ سے ہوگی کہ وہ بہت لائق ہوگی شاید اس میں ہنر ایسے ہوں کہ ان کے فوت ہونے پر زیادہ غم ہو ۔ ارو خیال ہو کہ شاید پھر ایسی بہو نہ ملے ۔ حضرت والا کو ان کے اس کہنے پر غصہ آیا اور بات بھی غصہ کی تھی کیونکہ حضرت نے تو کاتب میں ایک مرضی قلبی تشخیص کیا اور اس میں احتمالات نکالتے ہیں کہ شاید اس وجہ سے محبت ہوا اور وہ بات نہ ہو جو حضرت نے تجویز کی ۔ حضرت کی تشخیص میں تو مبنے کا نفس کی شرارت اور نفس کا حظ تھا ۔ اور یہ اس میں احتمال نکالتے تھے کہ شاید محبت کا مبنی ہوا اور وہ نہ ہو یہ تو اچھی خاصی حضرت کے صحیح جواب کی تردید تھی اس لئے روحق پر غصہ کیا اور ملفوظ ذیل فرمایا ۔ ( یہ صاحب فارغ التحصیل مدرس ہیں اور اسی قسم کے احتمال نکالنے کے بہت عادی ہیں ۔ 12 جامع ) ارشاد : میرے جواب کی قدر نہیں اس لئے اس پر یہ شبہ نکالا ۔ معلوم ہوا تمہارے اندر بھی شرارت ہے ہزاروں آدمی دنیا میں ہیں کیا ان صاحب کو بہو ہی سے محبت رہ گئی تھی ۔ آپ خوب احتمال نکالتے ہیں ۔ طالب علمی چھوڑ دو حقیقت طلب کرو ، معلوم ہوتا ہے تمہارا دل مسخ ہو رہا ہے اس لئے بیہودہ ناپاک شبہات اس میں پیدا ہوتے ہیں تمہارا دین بھی برباد ہونے والا ہے