خدائے تعالى کے سوا کسى سے طمع نہ کرے نہ کسى کى طرف خیال دوڑائے کہ فلانى جگہ سے ہم کو یہ فائدہ ہو جائے. خدائے تعالى کى تلاش میں بے چین رہے. نعمت تھوڑى ہو یا بہت اس پر شکر بجا لائے اور فقرو فاقہ سے تنگ دل نہ ہو. جو اس کى حکومت میں ہیں ان کى خطا و قصور سے درگزر کرے. کسى کا عیب معلوم ہو جائے تو اس کو چھپائے. البتہ اگر کوئى کسى کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور تم کو معلوم ہو جائے تو اس شخص سے کہہ دو . مہمانوں اور مسافروں اور غریبوں اور عالموں اور درویشوں کى خدمت کرے. نیک صحبت اختیار کرے. ہر وقت خدائے تعالى سے د-را کرے. موت کو یاد رکھے. کسى وقت بیٹھ کر روز کے روزے اپنے دن بھر کے کاموں کو سچا کرے جو نیکى یاد آئے اس پر شکر کرے گناہ پر توبہ کرے. جھوٹ ہرگز نہ بولے. جو محفل خلاف شرع ہو وہاں ہرگز نہ جائے. شرم و حیا اور بردبارى سے رہے. ان باتوں پر مغرور نہ ہو کہ میرے اندر ایسى خوبیاں ہیں. اللہ تعالى سے دعا کیا کرے کہ نیک راہ پر قائم رکھیں.
نیک کاموں کے ثواب اور برى باتوں کے عذاب کا بیان
رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم کى حدیثوں سے بعضے نیک کاموں کے ثواب اور برى باتوں کے عذاب کا بیان تا کہ نیکیوں کى رغبت اور برائیوں سے نفرت ہو .
نیت خالص رکھنا ایک شخص نے پکار کر پوچھا یا رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم ایمان کیا چیز ہے. آپ نے فرمایا نیت کو خالص رکھنا. ف مطلب یہ ہے کہ جو کام کرے خدا کے واسطے کرے. فرمایا رسول اللہ صلى اللہ علیہ وسلم نے کہ سارے کام نیت کے ساتھ ہیں. ف مطلب یہ کہ اچھى نیت ہو تو نیک کام پر ثواب ملتا ہے ورنہ نہیں ملتا.
دکھلاوے کے واسطے کوئى کام کرنا