مسئلہ. بند صندوق میں کچھ کپڑے دے دیئے لیکن اس کى کنجى نہیں دى تو یہ قبضہ نہیں ہوا جب کنجى دے گى تب قبضہ ہوگا. اس وقت اس کى مالک بنے گى.
مسئلہ. کسى بوتل میں تیل رکھا ہے یا اور کچھ رکھا ہے تم نے وہ بوتل کسى کو دے دى لیکن تیل نہیں دیا تو یہ دینا صحیح نہیں. اگر وہ قبضہ کر لے تب بھى اس کى مالک نہ ہوگى جب اپنا تیل نکال کے دو گى تب وہ مالک ہوگى. اور اگر تیل کسى کو دے دیا مگر بوتل نہیں دى اور اس نے بوتل سمیت لے لیا کہ ہم خالى کر کے پھیر دىں گے تو یہ تیل کا دینا صحیح ہے. قبضہ کر لینے کے بعد مالک بن جائے گى. غرضیکہ جب برتن وغیرہ کوئى چیز دو تو خالى کر کے دینا شرط ہے بغیر خالى کیے دینا صحیح نہیں ہے. اسى طرح اگر اسى نے مکان دیا تو اپنا سارا مال اسباب نکال کے خود بھى اس گھر سے نکل کے دینا چاہیے.