مسئلہ. چینى کا ایک برتن دوسرے چینى کے برتن سے بدل لیا. یا چینى کو تام چینى سے بدلا تو اس میں برابرى واجب نہیں ایک کے بدلے دو لیوے تب بھى جائز ہے. اسى طرح ایک سوئى دے کر دو سوئیاں یا تین یا چار لینا بھى جائز ہے لیکن اگر دونوں طرف چینى یا دونوں طرف تام چینى ہو تو اس وقت سامنے رہتے ہوئے لین دین ہو جانا چاہیے اور اگر قسم بدل جائے مثلا چینى سے تام چینى بدلى تو یہ بھى واجب نہیں.
مسئلہ. تمہارے پاس پڑوسن آئى کہ تم نے جو سیر بھر آٹا پکایا ہے وہ روٹى ہم کو دے دو. ہمارے گھر مہمان آگئے ہیں اور سیر بھر یا سوا سیر آٹا یا گیہوں لے لو یا اس وقت روٹى دے دو پھر ہم سے آٹا یا گیہوں لے لے لینا. یہ درست ہے.
مسئلہ. اگر نوکر ماما سے کوئى چیز منگاؤ تو اس کو خوب سمجھا دو کہ اس چیز کو اس طرح خرید کر لانا کبھى ایسا نہ ہو کہ وہ بے قاعدہ خرید لائے جس میں سود ہو جائے پھر تم اور سب بال بچے اس کو کھائیں اور حرام کھانا کھانے کے وبال میں سب گرفتار ہوں اور جس جس کو تم کھلاؤ مثلا میاں کو مہمان کو سب کا گناہ تمہارے اوپر پڑے.