مسئلہ. لینے کے بعد اگر معلوم ہوا کہ اس نے چالاکى سے اپنى خرید غلط بتلائى ہے اور نفع وعدہ سے زیادہ لیا ہے تو خریدنے والے کو دام کم دینے کا اختیار نہیں ہے بلکہ اگر خریدنا نامنظور ہے تو وہى دام دینا پڑیں گے جتنے کو اس نے بیچا ہے. البتہ یہ اختیار ہے کہ اگر لینا منظور نہ ہو تو پھیر دے. اور اگر خرید کے دام پے بیچ دینے کا اقرار تھا اور یہ وعدہ تھا کہ ہم نفع نہ لیں گے پھر اس نے اپنى خرید غلط او ر زیادہ بتلائى تو جتنا زیادہ بتلایا ہے اس کے لینے کا حق نہیں ہے لینے والى کو اختیار ہے کہ فقط خرید کے دام دے اور جو زیادہ بتلایا ہے وہ نہ دے.
مسئلہ. کوئى چیز تم نے ادہار خریدى تو اب جب تک دوسرے خریدنے والے کو یہ نہ بتلا دو کہ بھائى ہم نے یہ چیز ادھار لى ہے اس وقت تک اس کو نفع پر بیچنا یا خرید کے دام پر بیچنا ناجائز ہے بلکہ بتلا دے کہ یہ چیز میں نے ادہار خریدى تھى پھر اس طرح نفع لے کر یا دام کے دام پر بیچنا درست ہے البتہ اگر اپنى خرید کے داموں کا کچھ ذکر نہ کرے پھر چاہے جتنے دام پر بیچ دے تو درست ہے.
مسئلہ. ایک کپڑا ایک روپیہ کا خریدا. پھر چار نے دے کر اس کو رنگوایا. یا اس کو دھلوایا. یا سلوایا تو اب ایسا سمجھیں گے کہ سوا روپے کو اس نے مول لیا. لہذا اب سوا روپیہ اس کى اصلى قیمت ظاہر کر کے نفع لینا درست ہے مگر یوں نہ کہے کہ سوا روپے کو میں نے لیا ہے بلکہ یوں کہے کہ سوا روپے میں یہ چیز مجھ کو پڑى ہے تاکہ جھوٹ نہ ہونے پائے.