مسئلہ16. عباس نے خدیجہ کا دودھ پیا اور خدیجہ کے شوہر قادر کے ایک دوسرى بى بى زینب تھی جس کو طلاق مل چکى ہے تو اب زینب بھى عباس سے نکاح نہیں کر سکتى. کیونکہ عباس زینب کے میاں کى اولاد ہے اور میاں کى اولاد سے نکاح درست نہیں. اسى طرح اگر عباس اپنى عورت کو چھوڑ دے تو وہ عورت قادر کے ساتھ نکاح نہیں کر سکتى کیونکہ وہ اس کا خسر ہوا. اور قادر کى بہن اور عباس کا نکاح نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ دونوں پھوپھى بھتیجے ہوئے. چاہے وہ قادر کى سگى بہن ہو یادودھ شریک بہن ہو. دونوں کا ایک حکم ہے البتہ عباس کى بہن سے قادر نکاح کر سکتا ہے.
مسئلہ17. عباس کى ایک بہن ساجدہ ہے. ساجدہ نے ایک عورت کا دودھ پیا. لیکن عباس نے نہیں پیا تو اس دودھ پلانے والى عورت کا نکاح عباس سے ہو سکتا ہے.
مسئلہ18. عباس کے لڑکے نے زاہدہ کا دودھ پیا تو زاہدہ کا نکاح عباس کے ساتھ ہو سکتا ہے.
مسئلہ19. قادر اور ذاکر دو بھائى ہیں. اور ذاکر کے ایک دودھ شریکى بہن ہے تو قادر کے ساتھ اس کا نکاح ہو سکتا ہے البتہ ذاکر کے ساتھ نہیں ہو سکتا. خوب اچھى طرح سمجھ لو. چونکہ اس قسم کے مسئلے مشکل ہیں کہ کم سمجھ میں آتے ہیں اس لیے ہم زیادہ نہیں لکھتے جب کبھى ضرورت پڑے تو کسى سمجھدار بڑے عالم سے سمجھ لینا چاہیے.