مسئلہ. جب کسى کو چھینک آئے تو الحمد للہ کہہ لینا بہتر ہے اور جب الحمد للہ کہہ لیا تو سننے والے پر اس کے جواب میں یرحمک اللہ کہنا واجب ہے نہ کہے گى تو گنہگار ہوگى اور یہ بھى خیال رکھو کہ اگر چھینکنے والى عورت یا لڑکى ہے تو کاف کا زیر کہو اور اگر مرد یا لڑکا ہے تو کاف کا زبر کہو. پھر چھینکنے والى اس کے جواب میں کہے یغفراللہ لنا ولکم لیکن چھیننے والى کے ذمہ یہ جواب واجب نہیں بلکہ بہتر ہے.
مسئلہ. چھینک کے بعد الحمد للہ کہتے کئى آدمیوں نے سنا تو سب کو یرحمک اللہ کہنا واجب نہیں اگر ان میں سے ایک کہہ دے تو سب کى طرف سے ادا ہو جائے گا لیکن اگر کسى نے جواب نہ دیا تو سب گنہگار ہوں گے.
مسئلہ. اگر کوئى بار بار چھینکے اور الحمدللہ کہے تو فقط تین بار یرحمک اللہ کہنا واجب ہے اس کے بعد واجب نہیں.
مسئلہ. جب حضور صلى اللہ علیہ وسلم کا نام مبارک لے یا پڑھے یا سنے تو درود شریف پڑھنا واجب ہو جاتا ہے اگر نہ پڑھا تو گناہ ہوا لیکن اگر ایک ہى جگہ کئى دفعہ نام لیا تو ہر دفعہ درود شریف پڑھنا واجب نہیں ایک ہى دفعہ پڑھ لینا کافى ہے البتہ اگر جگہ بدل جانے کے بعد پھر نام لیا یا سناتو پھر درود پڑھنا واجب ہو گیا.
مسئلہ. بچوں کى بابرى وغیرہ بنوانا جائز نہیں یا تو سارا سرمند-وا دو یا سارے سر پر بال رکھواؤ.
مسئلہ. عطر وغیرہ کسى خوشبو میں اپنے کپڑے بسانا اس طرح کہ غیر مردوں تک اس کى خوشبو جائے درست نہیں.
مسئلہ. ناجائز لباس کا سى کر دىنا بھى جائز نہیں مثلا شوہر ایسا لباس سلوا دے جو اس کو پہننا جائز نہیں تو عذر کر دے اسى طرح درزن سلائى پر ایسا کپڑا نہ سئے.