مسئلہ. یہ منت مانى کہ ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھوں گى یا ہزار مرتبہ کلمہ پڑھوں گى تو منت ہو گئى اور پڑھنا واجب ہو گیا اور اگر کہا ہزار دفعہ سبحان اللہ سبحان اللہ پڑھوں گى یا ہزار دفعہ لاحول پڑھوں گى تو منت نہیں ہوئى اور پڑھنا واجب نہیں.
مسئلہ. منت مانى کہ دس کلام مجید ختم کروں گى یا ایک پارہ پڑھوں گى تو منت ہوگئى.
مسئلہ. یہ منت مانى کہ اگر فلانا کام ہو جائے تو مولود پڑھواؤں گى تو منت نہیں ہوئى یا یہ منت کى کہ فلانى بات ہو جائے تو فلانے مزار پر چادر چڑھاؤں یہ منت بھى نہیں ہوئى یا شاہ عبدالحق صاحب کا توشہ مانا یا سہ منى یا سید کبیر کى گائے مانى یا مسجد میں گلگلے چڑھانے اور اللہ میاں کے طاق بھرنے کى منت مانى یا بڑے پیر کى گیارہویں کى منت مانى تو یہ منت صحیح نہیں ہوئى اس کا پورا کرنا واجب نہیں.
مسئلہ. مولى مشکل کشا کا روزہ آس بى بى کا کوند-ا یہ سب واہیات خرافات ہے. اور مشکل کشا کا روزہ ماننا شرک ہے.
مسئلہ. یہ منت مانى کہ فلانى مسجد جو ٹوٹى پڑى ہے اس کو بنوا دوں گى یا فلانا پل بندھوا دوں گى تو یہ منت بھى صحیح نہیں ہے اس کے ذمہ کچھ واجب نہیں ہوا.
مسئلہ. اگر یوں کہا کہ میرا بھائى اچھا ہو جائے تو ناچ کراؤں گى یا باجہ بجواؤں گى تو یہ منت گناہ ہے اچھا ہونے کے بعد ایسا کرنا جائز نہیں.
مسئلہ. اللہ تعالى کے علاوہ کسى اور سے منت ماننا مثلا یوں کہنا اے بڑے پیر اگر میر اکام ہو جائے تو میں تمہارى یہ بات کروں گى یا قبروں اور مزاروں پر جانا یا جہاں جن رہتے ہوں وہاں جانا اور درخواست کرنا حرام اور شرک ہے بلکہ اس منت کى چیز کا کھانا بھى حرام ہے اور قبروں پر جانے کى عورتوں کے لیے حدیث میں ممانعت آئى ہے حضرت صلى اللہ علیہ وسلم نے ایسى عورتوں پر لعنت فرمائى ہے.