تحفہ زوجین - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کم سمجھی اور انجام نہ سوچنے کی وجہ سے بعض بیویاں ایسی باتیں کر بیٹھتی ہیں جس سے مرد کے دل میں میل آجاتا ہے۔ کہیں بے موقع زبان چلادی۔ کوئی بات طعن وتشنیع کی کہہ ڈالی۔ غصہ میں جلی کٹی باتیں کہہ دیں کہ خواہ مخواہ سن کربرالگے۔ پھر جب اس کا دل پھر گیا توروتی پھر تی ہیں۔ یہ خوب سمجھ لوکہ دل پرمیل آجانے کے بعد اگر دو چار دن میں تم نے کہہ سن کرمنا بھی لیاتب بھی وہ بات نہیں رہتی جوپہلے تھی۔ پھر ہزار باتیں بناؤ معذرت کرو لیکن جیسا پہلے دل صاف تھا اب ویسی محبت نہیں رہتی جب کوئی بات ہوتی ہے تویہی خیال آجاتا ہے کہ یہ وہی ہے جس نے فلا نے فلا نے دن ایسا کہاتھا۔ اس لیے اپنے شوہر کے ساتھ خوب سوچ سمجھ کر رہنا چاہیے کہ خدا اور رسول ﷺ کی بھی خوشی ہو اور تمہاری دنیا وآخرت دونوں درست ہوں۔ دیکھو کبھی کسی بات پرضد اور ہٹ دھرمی نہ کرد اور اگر کو ئی بات تمہارے خلاف بھی ہو تو اس وقت جا نے دو۔ پھر کسی دوسرے وقت منا سب طریقہ سے طے کرلینا۔ اگر میا ں کے یہاں تکلیف سے گذرے توکبھی زبان پر نہ لا ؤ اور ہمیشہ خوشی ظاہر کرتی رہو تاکہ مرد کو رنج نہ پہنچے اور تمہارے اس نباہ کرنے سے اس کا دل بس تمہاری مٹھی میں ہو جائے۔شوہر کے غصہ اور ناراضگی کی صورت میں عورت کو کیا کرنا چا ہیے ؟ (تمہاراشوہر اگر) کسی بات پر تم سے خفا ہو کر روٹھ گیا ہو توتم بھی منہ پھلا کرنہ بیٹھ رہو۔ بلکہ خوشامد کر کے عذرمعذرت کر کے ہاتھ جوڑکے جس طرح بنے اس کو منا لو چاہے تمہارا قصورنہ ہو شوہر ہی کا قصورتب بھی تم ہرگز نہ روٹھو اور ہا تھ جوڑکر قصورمعاف کرانے کو اپنا فخر اور اپنی عزت سمجھو اور اگر خودتمہاراہی قصورہو تو ایسے وقت خفا ہوکر الگ بیٹھنا تو اور بھی پوری بے وقوفی اور نا دانی ہے۔ ایسی باتوں سے دل پھٹ جاتا ہے۔ شوہر کو اگر کسی بات پر غصہ آگیا ہو تو ایسی بات مت کہو کہ غصہ اور زیادہ ہوجائے اور اگر غصہ میں کبھی کچھ برا بھلا کہے توتم ضبط (برداشت) کرو اور بالکل جواب نہ دوچاہے وہ کچھ کہے تم چپکی رہو۔ غصہ اترنے کے بعد دیکھنا خود شرمندہ ہو گا اور تم سے کتنا خوش رہے گا۔ اور پھر کبھی انشاء اللہ تعالیٰ تم پر غصہ نہ ہوگا۔ اور اگر تم بھی بول اٹھیں توبات بڑھ جائے گی پھر نہ معلوم نوبت کہا ں تک پہنچے۔ (بہشتی زیور)شوہر کا اگر کسی اجنبی لڑکی یا عورت سے غلط تعلق ہو : ذرا ذرا سے شبہ پر تہمت مت لگاؤ کہ تم فلا نی کے سا تھ بہت تکا کرتے ہو وہاں زیادہ جایا کرتے ہو وہا ں بیٹھے کیا کرتے ہو۔