تعلیم اگر اللہ تعالى کا نام لینے کى برکت سے دل میں کوئى اچھى حالت پیدا ہو یا اچھے خواب نظر آئیں یا جاگتے میں کوئى آواز یا روشنى معلوم ہو تو بجز اپنے پیر کے کسى سے ذکر نہ کرے نہ کبھى اپنے وظیفوں اور عبادت کا کسى سے اظہار کرے کیونکہ ظاہر کرنے سے وہ دولت جاتى رہتى ہے. تعلیم اگر پیر نے کوئى وظیفہ یا ذکر بتلایا اور کچھ مدت تک اس کا اثر یا مزہ دل پر کچھ معلوم نہ ہوا تو اس سے تنگ دل یا پیر سے بد اعتقاد نہ ہو بلکہ یوں سمجھے کہ بڑا اثر یہى ہے کہ اللہ کا نام لینے کا دل میں ارادہ پیدا ہوتا ہے اور اس نیک کام کى توفیق ہوتى ہے اور ایسے اثر کا کبھى دل میں خیال نہ لائے کہ مجھ کو خواب میں بزرگوں کى زیارت ہوا کرے مجھ کو ہونے والى باتیں معلوم ہو جایا کریں. مجھ کو خوب رونا آیا کرے. مجھ کو عبادت میں ایسى بیہوشى ہو جائے کہ دوسرى چیزوں کى خبر ہى نہ رہے کبھى کبھى یہ باتیں بھى ہو جاتى ہیں اور کبھى نہیں ہوتیں اگر ہو جائیں تو خدائے تعالى کا شکر بجا لائے. اور اگر وہ ہوں یا ہو کر کم ہو جائیں یا جاتى رہیں تو غم نہ کرے. البتہ خدا نہ کرے اگر شرع کى پابندى میں کمى ہونے لگے یا گناہ ہونے لگیں. یہ بات البتہ غم کى ہے. جلدى ہمت کر کے اپنى حالت درست کرے اور پیر کو اطلاع دے اور وہ جو بتلائیں اس پر عمل کرے. تعلیم دوسرے بزرگوں کى یا دوسرے خاندان کى ان میں گستاخى نہ کرے اور نہ جگہ کے مریدوں سے یوں کہے کہ ہمارے پیر تمہارے پیر سے یا ہمارا خاندان تمہارے خاندان سے بڑھ کر ہے ان فضول باتوں سے دل میں اندھیرا پیدا ہوتا ہے. تعلیم اگر اپنى کسى پیر بہن پر پیر کى مہربانى زیادہ ہو یا اس کو وظیفہ و ذکر سے زیادہ فائدہ ہو تو اس پر حسد نہ کرے.