مسئلہ. محفلوں میں مردوں اورعورتوں کے جماؤجم گھٹے میں خوب پکارے تلاش کرے اگر مردوں میں خود نہ جا سکے نہ پکار سکے تو اپنے میاں وغیرہ کسى اور سے پکروائے اور خوب مشہور کرا دے کہ ہم نے ایک چیز پائى ہے جس کى ہو ہم سے کر لے لیوے یہ ٹھیک پتہ نہ دے کہ کیا چیز پائى ہے تاکہ کوئى جھوٹ فریب کر کے نہ لے سکے. البتہ کچھ گول مول ادھورا پتہ بتلا دینا چاہیے. مثلا یہ کہ ایک زیور ہے یا ایک کپڑا ہے یا ایک بٹوا ہے جس میں کچھ نقد ہے. اگر کوئى آئے اور اپنى چیز کا ٹھیک ٹھیک پتہ دیدے تو اس کے حوالہ کر دینا چاہیے.
مسئلہ. بہت تلاش کرنے اور مشہور کرنے کے بعد جب بالکل مایوسى ہو جائے کہ اب اس کا کوئى وارث نہ ملے گا تو اس چیز کو خیرات کر دے اپنے پاس نہ رکھے البتہ اگر وہ خود غریب محتاج ہو تو خود ہى اپنے کام میں لائے لیکن خیرات کرنے کے بعد اگر اس کا مالک گیا تو اس کے دام لے سکتاہے اور اگر خیرات کرنے کو منظور کر لیا تو اس کو اس خیرات کا ثواب مل جائے گا.
مسئلہ. پالتو کبوتر یا طوطا مینا اور کوئى چڑیا اس کے گھر گر پڑى اور اس نے اس کو پکڑ لیا تو مالک کو تلاش کر کے پہنچانا واجب ہو گیا خود لے لینا حرام ہے.
مسئلہ. باغ میں آیا امرود وغیرہ پڑے ہیں تو ان کو بلا اجازت اٹھانا اور کھانا حرام ہے البتہ اگر کوئى ایسى کم قدر چیز ہے کہ ایسى چیز کو کوئى تلاش نہیں کرتا اور نہ اس کے لینے کھانے سے کوئى برا مانتا ہے تو اس کو خرچ میں لانا درست ہے مثلا راہ میں ایک بیر پڑا ملا یا ایک مٹھى چنے کے بوٹ ملے.
مسئلہ. کسى مکان یا جنگل میں خزانہ یعنى کچھ گڑا ہوا مال نکل آیا تو اس کا بھى وہى حکم ہے جو پڑى ہوئى چیز کا حکم ہے خود لے لینا جائز نہیں تلاش و کوشش کرنے کے بعد اگر مالک کا پتہ نہ چلے تو اس کو خیرات کر دے اور غریب ہو تو خود بھى لے سکتى ہے.