ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
|
نصیحت کی کہ آئندہ اس کے پاس نہ جانا اس کو دیکھنا تو بجائے اس کے کہ وہ اس تعلیم پر عمل کا وعدہ کرتا کہنے لگا کہ صاحب میں تو اس کے پاس دودھ لینے کے بہانہ سے ہر روز جاتا ہوں مجھ کو غصہ آیا اور میں نے اس کو ایک دھول ماری اور نکلوا دیا ۔ بفضلہ تعالٰٰی میری اس تنبیہ کے بعد اس کی بھی حالت بالکل درست ہوگئی اور اپنے اس فعل سے توبہ کرلی اور اس گوالن سے قطع تعلق کر لیا ۔ اسی طرح ایک منشی صاحب تھے خورجہ میں ان کی حالت یہ تھی کہ ذراسی بات میں ان پر سخت گریہ طاری ہوجاتا تھا ۔ مثلا وہ اپنے کسی بزرگ سے ملیں یا ان کے سامنے ان کے کسی بزرگ کا تذکرہ کیا جاوے تو چیخنے لگتے تھے مجھ کو ان پر بہت رحم آتا تھا ایک بار جو وہ یہاں پر آئے تو یہاں پر بھی ان کی یہ حالت ہوتی میں نے قصد ڈانٹ دیا بس اس وقت سے یہ ہوا کہ میرے پاس آکر ان پر یہ حالت طاری نہ ہوتی تھی قاعدہ ہے کہ منکر کے سامنے جوش نہیں ہوتا غالبا یہی وجہ ہو اس کی کہ میرے ڈانٹنے کے بعد ان پر یہ حالت میرے سامنے طاری ہونا بند ہوگئی ۔ (ملفوظ 207) سالک کیلئے صورت دعوٰٰی بھی سم قاتل ہے ایک صاحب نے حضرت دام ظلہم العالی کی خدمت میں حسب ذیل عریضہ ارسال کیا ۔ ہادی ملت رہنمائے طریقت ادام اللہ ظلکم ۔ السلام علیکم ورحمتہ اللہ تعالٰی وبرکاتہ ۔ خدا تعالی کا شکر ہے کہ اپنے وطن سے شنبہ کو یہاں بخریت پہنچ گیا ۔ بارش کی وجہ سے دو ایک دن کی تاخیر ہوگئی ۔ میرے وطن میں حضرت کے خدام جو فلاں صاحب سے تعلیم حاصل کرتے ہیں ۔ اس مرتبہ میری واپسی کے منتظر تھے ۔ شہر نیز دیہات میں حضرت والا کے خدام کی بڑی تعداد ہے ۔ میرے زائد قیام کی وجہ سے نیز حضور والا سے غایت محبت و عقیدت کی بناء پر مجھ سے طرح طرح کے سوالات کرنے اور ملنے تشریف لاتے ہیں ۔ قیام تھانہ بھون کے تاثرات دریافت فرماتے ہیں ۔ باوجود کوشش میں بھی مجبور ہو