ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
|
جس کو اپنا بڑا سمجھے اس کے خطاب میں بہت تنگ عبارت نہ اختیار کرے ۔ (ملفوظ 238) انسان ہر وقت اللہ تعالٰی کا محتاج ہے فرمایا انسان ہر وقت حضرت حق کا محتاج ہے اللہ تعالٰی اس عقیدہ کو حال بنادے اور اگر سوچتا رہے تو حال بھی ہو جاتا ہے ۔ (ملفوظ 239) بزرگوں کی میراث سے کچھ چیزیں ملتی ہیں فرمایا بزرگوں کی میراث میں کچھ چیزیں ملتی ہیں مجھ کو حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب سے میراث میں باتیں ملی ہیں میں بات بہت کرتا ہوں مگر وہ لوگوں کے لئے نافع ہوتی ہیں چنانچہ بحمداللہ مواعظ سے لوگوں کو بحد نفع ہوا سو یہ باتیں ہی تو ہیں ۔ (ملفوظ 240) اہل دین کی وقعت نہ رکھنے والے سے عارضی خوش اخلاقی جائز نہیں فرمایا جس شخص کے دل میں باوجود دعوٰی دین کے دین اور اہل دین کی وقعت نہ ہو اس کے ساتھ عرفی خوش اخلاقی برتنے کو میں ناجائز سمجھتا ہوں کیونکہ اس سے اس کا دین اور بگڑتا ہے ۔ (ملفوظ 241) لوگوں میں اپنی اصلاح کا اہتمام نہیں فرمایا جس شخص سے اپنی اصلاح کوتاہی ہوتی ہو کم از کم اس کو یہ تو چاہئے کہ وہ اپنی کوتاہی کا مشاہدہ کرے اور شکستہ ہو کر رہے بڑوں کی طرح نہ رہے بلکہ بروں کی طرح اور اس میں بھی فقط دل میں برا سمجھنا کافی نہیں بلکہ اپنے ساتھ بروں کا سا برتاؤ بھی کرنا چاہئے اصل یہ ہے کہ لوگوں میں اپنی اصلاح کا اہتمام نہیں میری تو یہ رائے ہے کہ ہزار میں صرف دو تین ہی طالب اصلاح ہوتے ہیں ورنہ کوئی کسی چیز کا طالب ہوتا ہے کوئی کسی کا ۔