سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم |
وسٹ بکس |
|
ولادت باسعادت سے پہلے ہی اس’’رحمت‘‘کی جھلک دیکھ لی۔٭…عبداللہ کی شادی : قبیلہ قریش کے سردارعبدالمطلب کے لاڈلے بیٹے ٗان کی آنکھوں کے نوراوردل کے سرور…یعنی عبداللہ… جب سواونٹوں کی قربانی کے عوض قربان ہونے سے بچ گئے… اورزندگی کاسفررواں دواں ہوگیا… توعبدالمطلب کواپنے اس خوبصورت وخوب سیرت بیٹے کی شادی کی فکردامن گیرہوئی۔ قبیلۂ قریش کی جومتعددشاخیں اورپھران میں جوبہت سے خاندان تھے ٗ ان میں’’ بنی زہرہ ‘‘ کے نام سے ایک بڑامعززخاندان تھا،اس خاندان کے سربراہ کانام ’’وہب‘‘تھا،وہب اپنے حسب نسب ٗخاندان کی سربراہی وسرداری کے علاوہ شرافت ودیانت اوراعلیٰ اخلاق وکردارکے لحاظ سے بھی بہت معروف تھے اورمعاشرے میں ان کی بڑی قدرومنزلت تھی۔ وہب کی ایک نہایت چہیتی اورلاڈلی بیٹی تھی جوکہ عصمت وعفت اورشرافت ونجابت میں اپنی مثال آپ تھی اوراسی لئے خاندان میں اس کامنفرداورممتازمقام تھا،اس لاڈلی بیٹی کانام تھا’’آمنہ‘‘۔ عبدالمطلب کی نظرمیں اپنے لختِ جگرعبداللہ کیلئے قبیلۂ قریش کی بہت سی خاندانی لڑکیاں تھیں، لیکن ان کی یہ دلی خواہش تھی کہ کسی طرح عبداللہ کارشتہ وہب کی اس بیٹی آمنہ کے ساتھ طے ہوجائے۔چنانچہ یہی تمنادل میں لئے ہوئے ایک روزوہ وہب کے گھرپہنچے، مدعیٰ بیان کیا،اپنے بیٹے عبداللہ کیلئے آمنہ کارشتہ مانگا… جسے وہب نے بخوشی قبول کرلیا۔یوں ہمارے پیارے نبی ﷺکے گرامی قدروالدین رشتۂ زوجیت میں منسلک ہوگئے…!