سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم |
وسٹ بکس |
|
مکی دور : رسول اللہﷺکی تیئس سالہ پیغمبرانہ زندگی اس قدروسیع موضوع ہے اوراس کی اتنی جزئیات ہیں کہ ان میں سے ہرموضوع پرمستقل ضخیم کتابیں لکھی گئی ہیں،یہ سلسلہ ہردورمیں جاری رہااورآئندہ بھی تاقیامت جاری رہے گا۔ البتہ سہولت کی خاطربطورِخلاصہ اس تیٔس سالہ زندگی کویوں تقسیم کیاجاسکتاہے کہ ابتداء میں اسے مکی دوراورمدنی دورمیں تقسیم کردیاجائے،اورپھران دونوں ادوارمیں سے ہرایک کو مزیدتین مختلف ادوارمیں تقسیم کردیاجائے،اس سلسلہ میں تفصیل درجِ ذیل ہے:٭…پہلادور؛خفیہ دعوت وتبلیغ : مکی زندگی کے تین مختلف ادوارمیں سے پہلادوروہ ہے جسے ’’خفیہ دعوت وتبلیغ ‘‘ کادور کہاجاتاہے،اورجوکہ تین سال کے عرصہ پرمحیط ہے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی طرف سے جب آپؐکودینِ برحق کی تبلیغ کافریضہ سونپاگیاتواس حکمِ ربانی کی تعمیل میں آپؐنے سب سے پہلے اپنے افرادِخانہ کوپیغامِ حق پہنچایا،جس کے نتیجے میں آپؐکی زوجہ محترمہ ام المؤمنین حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا ٗ آپؐکے آزادکردہ غلام حضرت زیدبن حارثہ رضی اللہ عنہ ٗ آپؐ کے چچازادبھائی حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے(جوکہ آپؐہی کے زیرِکفالت تھے) آپؐ کی دعوت پرلبیک کہتے ہوئے اس پیغامِ حق کوقبول کیا۔ ان افرادِخانہ کے بعدآپؐنے گھرسے باہران لوگوں کواللہ کے دین کی طرف دعوت دی