قارئین! انتظار کریں، انجمن انشاء اللہ حیات مسیح علیہ السلام پر بھی ایک مستقل رسالہ بہت جلد شائع کرے گی۔ جس میں قادیانی دجل وفریب اور جعل وتحریف کی پردہ دری اچھی طرح کر دی جائے گی۔
ختم نبوت
یہ بے چارگان علم وعقل مسلمانوں کو الزام دیتے پھرتے ہیں کہ حیات مسیح کا عقیدہ ان کو مشرک بنائے دے رہا ہے۔ ملت بیضاء بدنام ہوئی جارہی ہے۔ ’’فرزندان توحید‘‘ اس سے بیزار ہوتے جارہے ہیں۔ مگر نہیں دیکھتے کہ ان کے پیرو مرشد نے خود ہی اس ملت کی خاک اڑانے میں کیا کسر اٹھا رکھی ہے؟ ختم نبوت کا انکار اور ایک مستقل اور دارائے شریعت نبی ہونے کا دعویٰ کرکے انہوں نے اپنی پندار میں، اب اس گھر میں باقی ہی کیا رکھا ہے جس کے لٹنے پر ماتم کیا جائے؟ یریدون لیطفوأ نور اﷲ بافواہہم واﷲ متم نور ولو کرہ الکافرون۔
قارئین انتظار کریں انجمن ایک مفید رسالہ اس مسئلہ پر بھی عنقریب شائع کرے گی مگر مختصر طور پر یہاں بھی اس حقیقت سے متعلق کچھ عرض کیا جائے گا۔
یہ ہمارا ایمان ہے۔ نہیں۔ یہ غیر متزلزل اور ناقابل ریب ایمان رہا ہے ہر سچے مسلمان کا خیر القرون قرن نبوت سے لے کر آج تک کہ آسمانی صحیفوں میں قرآن سب سے آخری صحیفہ ہے۔ کسی مسلمان نے ایک دقیقہ کے لئے بھی اس میں کبھی شک نہیں کیا اور کتب سماویہ میں قرآن سب سے آخری کتاب کیوں قرار پایا؟ اس لئے کہ یہی وہ کتاب مبین ہے جو تمام اگلی کتابوں کی صداقتوں اور سچی تعلیموں کی امانت اپنے اندر رکھتا ہے۔ فرمایا: ’’وانزلنا الیک الکتٰب بالحق مصدقاً لما بین یدیہ من الکتٰب ومہیمنا علیہ (مائدہ:۷)‘‘ {اور ہم نے اے محمد تیری طرف سچائی کے ساتھ یہ کتاب اتاری جو اپنے سے پہلے کی کتاب کی تصدیق کرتی اور اس پر شاہد وحاوی ہے۔} اور فرمایا: ’’رسول من اﷲ یتلوا صحفا مطہرہ۔ فیہا کتب قیمۃ (بینہ:۲)‘‘ {محمد پیامبر ہے اللہ کی طرف سے، پڑھتا ہے پاک صحیفے، جن میں کتابیں ہیں سچی اور استوار} دین الٰہی کا یہی وہ کامل صحیفہ ہے جس نے بنی نوع انسان کو کسی دوسرے صحیفہ کا محتاج نہیں رکھا، یہی وہ مکمل صحیفہ ہے جس کے ذریعہ دین الٰہی اپنے تمام اصول اور فروع، مناہج مناسک، شرائع وتشکیلات کے اعتبار سے تکمیل کو پہنچ گیا۔ اس نے اعلان کیا۔ ’’الیوم اکملت لکم دینکم واتممت علیکم نعمتی ورضیت لکم الاسلام دیناً‘‘ {آج میں نے تمہارا دین کامل کردیا‘ اور اپنی نعمت تم پر تمام کردی اور تمہارے لئے اسلام کا دین پسند کیا۔}