۱… غور فرمائیے مرزا قادیانی کا یہ فرمانا کہ یہ آیت ’’ہو الذی ارسل رسولہ بالہدی ودین الحق لیظہرہ علی الدین کلہ‘‘ جسمانی اور سیاست ملکی کے طور پر حضرت مسیح علیہ السلام کے حق میں پیشین گوئی ہے۔ کیا معنے رکھتا ہے؟ کیا اس کے یہ معنے نہیں ہیں کہ اب جو مسیح علیہ السلام آئیں گے وہ مادی قوتوں سے بھی مسلح ہوں گے اور اتنے قوت دست ہوں گے کہ عالم کی سیاست کا رخ پھیر دیں گے؟ اگر یہ معنے ہیں‘ اور یقینا یہی معنے ہیں۔ ورنہ جسمانی اور سیاست ملکی کے طور پر والا ٹکڑا یکسر لغو ہوا جاتا ہے تو کوئی بتائے کہ مرزا قادیانی کو مادی قوتوں سے کیا بہرہ ملا تھا؟ کسی حکومت کے عنان نظم ونسق کے مالک تھے؟ سیاسیات عالم پر انہوں نے کوئی دبائو ڈالا؟
قربان جائیے اس سچے نبی کے جس نے مسیح موعود کا ایک روشن اور تابناک نشان یہ بتایا کہ وہ جب آئے گا حاکم عدل گستر ہوکر آئے گا۔ وہ جب آئے گا قتل و خون ریزی روک دے گا۔ وہ جب آئے گا صلیب کے ٹکڑے ٹکڑے کردے گا۔ وہ جب آئے گا دنیا امن وآشتی سے بھر جائے گی۔ اس لئے بغض و عداوت کینہ اور میل سے پاک ہوجائیں گے۔ (بخاری ومسلم)
کوئی پوچھئے مرزا سے قادیان کے عہد میں یہ باتیں پوری ہوگئیں؟ دنیا، ناشاد دنیا، کشتہ بیدار دنیا، عدل وداد سے بھر گئی؟ دنیا بنی آدم کے خون ناروا سے غم ناک دنیا، صلح وآشتی کے جاں پرور، نغموں سے معمور ہوگئی؟ پرستاران صلیب نے توحید ربانی کے آگے سر ہائے نیاز زخم کردئیے؟ بنی آدم نے مدت کے ٹوٹے ہوئے رشتے جوڑ لئے۔
ایسا نہیں ہوا، ہاں نہیں ہوا۔ تو پھر اس مسیح قادیان کو کیا کہئے؟
ب… مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عہد مبارک میں اسلام کو ’’تمام ملل باطلہ‘‘ پر پورا پورا غلبہ حاصل ہوگا اور یہ دین الٰہی سارے عالم میں پھیل جائے گا۔
کوئی پوچھے ’’ملل باطلہ‘‘ فنا ہوگئیں؟ اسلام نے ان تمام ملل پر غلبہ پاکے ان کو مٹا دیا؟
ایسا اب تک نہیں ہوا، ہاں نہیں ہوا، تو پھر اس مسیح قادیان کو کیا کہئے؟
ج… حدیث صحیح میں وارد ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام جب نزول فرمائیں گے تب وہ دو زرد چادریں لپیٹے ہوں گے۔ مر زاقادیانی فرماتے ہیں۔ یہ حدیث نبوی میری ہی شان میں ہے۔ سوال پیدا ہوا یہ کیونکر؟ فرمایا ایک چادر میرا عارضہ مراق ہے دوسرا میرامرض سلسل بول!! سبحان اﷲ، وہ مسیح موعود جو سارے عالم کو امن وآشتی اور عدل وداد سے معمور کردینے کے لئے آسمان سے نزول اجلال فرمائے گا مراقی ہوگا اور مبتلائے عارضہ سلسل بول!! وہ مہدی منتظر جس کے ظہور کے