ملفوظات حکیم الامت جلد 10 - یونیکوڈ |
|
کے متعلق زیادہ تشویش نہ چا ہئے بس دعائے عافیت کرتا رہے اور بے فکر رہے کیونکہ مرنا تو بہرحال ایک دن ضرور ہی ہے اورموت قبل وقت کے آ نہیں سکتی اھ ۔ پھر فرمایا کہ یہ عجیب بات ہے کہ اگر ایک ساتھ مثلا ایک ہزار آدمی مثلا بم کے گرنے سے مرجائیں تو اس سے بڑی وحشت ہوتی ہے اور اگر وہی ایک ہزار ایک ایک کر کے مختلف اوقات میں مریں جیسا کہ عموما واقع ہوتا ہی رہتا ہے تو اس سے اتنی وحشت نہیں ہوتی حالانکہ فرق کوئی وجہ نہیں ۔ اگر ہر شخص یہ سمجھ لے کہ مجھے ایک دن ضرور مرنا ہے چاہے اکیلا مروں چاہے بہت سے لوگوں کے ساتھ مروں میرے لئے یکساں ہے تو ایسے خطروں سے زیادہ وحشت نہ ہو ۔ ہر شخص صرف اپنے ہی مرنے کا خیال کرے دوسروں کے مرنے کا خواہ مخواہ کیوں تصور کرے ۔ رہا اپنا مرنا سو وہ تو واقع ہونا ہی ہے اور یہ بھی یقینی ہے کہ نہ وقت مقدر سے پہلے واقع ہو نہ بعد کو ۔ لایستاخرون ساعۃ ولا یستقدمون اس کی فکر میں پہلے ہی سے خواہ مخواہ کیوں پریشان ہو ۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں ای یومین من الموت افر یوم لایقدر او یوم قدر یوم لا یقدر لایاتی القضا یوم قد قدر لا یغنی الحزر ان شعروں کا تر جمہ کسی نے فارسی میں خوب کہا ہے دو روز حذر کروں از مرگ روانیست روز یکہ قضا باشد روز یکہ قضا نیست روز یکہ قضا باشد کوشش نکند سود روز یکہ قضا نیست درد مرگ روانیست پھر فرمایا کہ یہ اشعار مجھے بچپن سے یاد ہیں ۔