عرضِ مرتب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مذکورہ رسالہ تخصص سالِ دوم میں لکھے گئے مقالہ کا خلاصہ ہے، مقالہ لکھنے کی کوششوں کا تذکرہ تفصیلی پیش لفظ میں آرہا ہے، یہ چند باتیں اہلِ علم حضرات کے سامنے بطور ِ تمہید ذکر کی گئی ہیں تاکہ اس موضوع کے ہر گوشے پر سوچتے ہوئے پختہ بنیادوں پر عوام کے سامنے کوئی راہِ عمل پیش کی جا سکے۔
اسی مقصد کے پیشِ نظر اس رسالے میں اولا ًبندہ کا مضمون ہے جس کے دو باب ہیں :باب اول’’ انشورنس کے متبادل نظامِ تکافل پر ایک نظر، ایک جائزہ ‘‘کے نام سے ہے اور باب دوم ’’اسلام کا نظام کفالتِ عامہ ‘‘کے نام سے ہے۔
باب اول میں اس نظام کا فقہی طور پر جائزہ لینے کی کوشش کی گئی ہے، اور کھوکھلی بنیادوں کو واضح کیا گیا ہے اور باب دوم میں اسلامی نظامِ خلافت کے دور میں امت مسلمہ کی کفالت کس طریقے سے کی جائے گی، اس کا بیان ہے۔
بعد ازاں بعض احباب کی طرف سے اس بات کا تقاضہ ہوا کہ اگر اب تک اس موضوع پر لکھی جانے والی تمام تحریروں کو شاملِ اشاعت کر دیا جائے تو محققین حضرات کے لیے بہت مفید ثابت ہو گااور ان کے لیے اس موضوع پر مزید تحقیق کرنے میں بھی آسانی ہو جائے گی۔
چناں چہ! مذکورہ کتاب کو کل پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے:
باب سوم میں حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر عبد الواحد صاحب زید مجدہ کا مضمون ’’جدید معاشی مسائل اور مولانا تقی عثمانی‘‘ سے لیا جارہا ہے۔